Live Updates

سی پیک،زرعی منصوبوں کے دوسرے مرحلے کی منظوری دیدی گئی

چین پاکستان زرعی ٹیکنالوجی ورکنگ گروپ کے قیام کا اعلان

جمعہ 25 اپریل 2025 16:10

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء)چین پاکستان جوائنٹ ورکنگ گروپ برائے زراعت نے سی پیک کے تحت زرعی منصوبوں کے دوسرے مرحلے کی منظوری دیتے ہوئے چین پاکستان زرعی ٹیکنالوجی ورکنگ گروپ کے قیام کا اعلان کر دیا۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق چین پاکستان جوائنٹ ورکنگ گروپ برائے زراعت کا چوتھا اجلاس بیجنگ میں ہو ا، اجلاس کی مشترکہ صدارت چین کی وزارت زراعت و دیہی امور کے شعبہ بین الاقوامی تعاون کے سینئر حکام اور پاکستان کی وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کے وفاقی سیکرٹری نے کی۔

دونوں ممالک کے زرعی حکام، تحقیقی اداروں، مقامی حکومتوں، کاروباری اداروں اور سفارت خانوں کے تقریبا 60 نمائندوں نے آن لائن اور آف لائن دونوں چینلز کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق اجلاس میں بنیادی طور پر پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)کے تحت زرعی منصوبوں کے پہلے مرحلے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، مجوزہ منصوبوں کی دوسرے مرحلے کی منظوری دی گئی اور چین پاکستان زرعی ٹیکنالوجی ورکنگ گروپ کے قیام کا اعلان کیا گیا۔

فریقین نے مشترکہ تجربہ گاہوں کے قیام اور مستقبل قریب میں زرعی شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا۔ تبادلہ خیال کے دیگر موضوعات میں ماہی گیری، زرعی میکانائزیشن اور متعلقہ شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنا شامل تھا۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق دونوں ممالک کے محکمہ زراعت اور سفارتی مشنوں کی بھرپور حمایت کے ساتھ سیچوان لیٹونگ کی مرچ کی کاشت کا مظاہرہ کرنے والا بیس اور گوانگ سی رائل ڈیری کا پاک چین بھینسوں کی افزائش اور ڈیری پروسیسنگ کا اقدام سی پیک زرعی تعاون کے پہلے مرحلے کے حصے کے طور پر قابل ذکر نتائج دے چکے ہیں۔

دونوں منصوبوں کو چینی اور پاکستانی حکام کی جانب سے سراہا گیا ہے اور انہیں دوطرفہ زرعی تعاون کی اہم مثال سمجھا جاتا ہے۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق سی پیک کے زرعی منصوبوں کے دوسرے مرحلے میں چار مزید اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شراکت دار ووہان کے چنگفا ہیشینگ، سنکیانگ کی جنگوا سیڈ انڈسٹری، شانڈونگ کے رنبر اور چائنیز اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز کے کراپ سائنس انسٹی ٹیوٹ نے شمولیت اختیار کی ہے۔

اجلاس کے بعد کے انٹرویوز میں کمپنی کے نمائندوں نے مشترکہ طور پر مزید "چھوٹے لیکن بہتر" ماڈل منصوبوں کو فروغ دینے کے بارے میں امید کا اظہار کیا اور کہاکہ توقع ہے کہ ان کوششوں سے سی پیک کے دوسرے مرحلے کی اعلی معیار کی ترقی میں نئی رفتار آئے گی اور مشترکہ مستقبل کے ساتھ پاک چین کمیونٹی کی تعمیر میں ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات