موٹروے پر گاڑیوں کی معیاد مقرر کی جائے، 20سال پرانی گاڑیوں کو اجازت نہیں ملے گی، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس ہیڈ کوآرٹرز کا دورہ

جمعہ 25 اپریل 2025 17:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ موٹروے پر گاڑیوں کی معیاد مقرر کی جائے، 20سال پرانی گاڑیوں کو اجازت نہیں ملے گی، کمرشل گاڑیوں کو اگلے 3 ماہ میں فٹنس سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کی ہدایت کردی اور موٹر وے پر ایک ہی جگہ پر حادثات پر تشویش کا اظہار کیا۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات نے جمعہ کو نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس ہیڈ کوآرٹرز کا دورہ کیا ، ہیڈکوارٹرز آمد پر موٹر وے پولیس کے ایک چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور وطن عزیز پر جان نثار کرنے والے تمام شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر مواصلات نے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور اعلیٰ سطحی اجلاس میں اہم امور پر بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ موٹر وے پر آنے والی گاڑیوں کے لیے معیاد مقرر کی جائے ، 20 سال پرانی گاڑیوں کو اجازت نہیں ملے گی۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ گاڑیوں کیلئے ٹائر سرٹیفیکیٹ علیحدہ سے جاری ہوں گے، مسافروں کی جانوں سے نہیں کھیلنے دیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ شاہراہوں پر حادثات میں کمی لانا چاہتے ہیں، اوورسپیڈنگ اور ایکسل لوڈ پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی سختی سے جاری رکھی جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کمرشل ڈرائیورز کا تربیت یافتہ ہونا ضروری ہے، ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے۔

اس موقع پر موٹر وے پولیس کی طرف سے قوانین کے اطلاق اور عملی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایات سے گزشتہ سال حادثات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اوور سپیڈنگ پر ایف آئی آر کے اندراج کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ موٹر ویز کے گرد باڑ چوری کی 53 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں اور 36 ملزمان کو گرفتار کر کے 2000 میڑ باڑ برآمد کر لی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جانوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کمرشل گاڑیوں کو اگلے 3 ماہ میں فٹنس سرٹیفیکیٹ جاری کئے جائیں، موٹر وے پر ایک ہی جگہ پر حادثات قابل تشویش ہیں انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس اس ضمن میں حکمت عملی تشکیل دیں۔ وفاقی وزیر نے موٹر وے پولیس کے کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا اور طریقہ کار کا جائزہ لیا۔وفاقی وزیر نے موٹر وے پر شہید ہونے والے انسپکٹر منصور اصغر کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی ۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس کے افسران اپنی حفاظت کو زیادہ مقدم رکھیں ۔