Live Updates

ٴْ"ٹورازم کیپیٹل" کے انتخاب کے لیے رکن ممالک کے وفود ترکیہ کے تاریخی شہر ازروم پہنچنا شروع

جمعہ 25 اپریل 2025 18:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2025ء) 2027 کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی "ٹورازم کیپیٹل" کے انتخاب کے لیے رکن ممالک کے وفود ترکیہ کے تاریخی شہر ازروم پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ لاہور (پاکستان)، میری (ترکمانستان) اور کراکول (کرغزستان) میں سے کسی ایک شہر کو 2027 کے لیے "ای سی او ٹورازم کیپیٹل" قرار دیا جائے گا۔ پاکستانی وفد بھی ازروم پہنچ چکا ہے، جس کی قیادت صوبائی وزیر زراعت عاشق کرمانی کر رہے ہیں۔

وفد میں ایم این اے علی اکبر اور سیکریٹری سیاحت بھی شامل ہیں۔ پاکستانی وفد آٹھویں ای سی او سیاحتی اور چھٹے وزارتی اجلاس میں شرکت کرے گا۔ اس موقع پر وفود کو خطے کی قدیم تاریخ و تہذیب پر بریفنگ دی جائے گی اور ایک ڈاکیومینٹری بھی دکھائی جائے گی۔

(جاری ہے)

پنجاب کی وزارتِ سیاحت گزشتہ چار ماہ سے لاہور کی نامزدگی کے لیے بھرپور محنت کر رہی تھی۔

تاریخی، ثقافتی اور سیاحتی ورثے کی بنیاد پر لاہور کو ای سی او ٹورازم کیپیٹل کی نامزدگی کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ازبکستان کے شہر شًہرِسبز کو یہ اعزاز حاصل ہو چکا ہے۔ ترکیہ کے مشرقی اناطولیہ کے شہر ازروم کو 2025 کے لیے "ای سی او ٹورازم کیپیٹل" نامزد کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی دعوت پر ای سی او کے سفیر نے حال ہی میں لاہور کا دورہ بھی کیا تھا، جبکہ ای سی او کی مستقل مندوبین کونسل کا اجلاس بھی منعقد ہو چکا ہے۔

ای سی او ہر سال اپنے دس رکن ممالک میں سے کسی ایک شہر کو اس منفرد اعزاز کے لیے منتخب کرتا ہے۔ اس موقع پر پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پاکستان کی نامزدگی کے لیے نیک تمناو ٴں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر لاہور کو ای سی او ٹورازم کیپیٹل قرار دیا گیا تو اس سے پاکستان میں عالمی سیاحت کو فروغ ملے گا اور یہ پاکستان اور خصوصاً پنجاب کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہو گا۔ واضح رہے کہ ای سی او میں ترکیہ، ایران، افغانستان، پاکستان، آذربائیجان، قزاقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات