موٹروے پولیس نے اوچ شریف کے قریب مقابلے کے بعد خطرناک ملزم کو گرفتار کر لیا

جمعہ 25 اپریل 2025 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) موٹروے ایم فائیو پر اوچ شریف کے قریب پولیس نے مقابلے کے بعد ایک خطرناک ملزم کو گرفتار کر لیا ۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق پٹرولنگ افسران نے دو تیز رفتار گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کی، مگر دونوں گاڑیاں موقع سے فرار ہو گئیں۔گاڑیوں کو مشکوک جانتے ہوئے موٹروے پولیس کی جانب سے تعاقب کرنے پر ایک گاڑی انٹرچینج کی رکاوٹ توڑتے ہوئے نکل گئی، جبکہ دوسری کے ڈرائیور نے ون وے پر فرار ہونے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

موٹروے پولیس کو پیچھے آتے دیکھ کر ملزم نے فائرنگ کی اورگاڑی موٹروے پر چھوڑ کر قریبی آبادی کی طرف فرار ہوگیا ، موٹروے پولیس نے علاقہ مکینوں کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر لیا ۔تلاشی کے دوران ملزم سے9 ایم ایم پستول برآمد جبکہ گاڑی کی تلاشی کے دوران ایس ایم جی رائفل، سگنل جیمر ڈیوائس،8 عدد جعلی نمبر پلیٹس، پولیس لائٹس، واکی ٹاکی سیٹ، گاڑی کھولنے کی ماسٹر چابیاں، اور پولیس کی متعدد جعلی یونیفارم بھی برآمد ہوئی۔ ابتدائی تفتیش کے بعدگرفتار ملزم کو مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ۔