Live Updates

بھارت میں ایک پٹاخہ بھی چل جائے تو پاکستان کے خلاف مہم شروع کر دیتا ہے‘ احسن اقبال

اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لئے بھارت پاکستان پر الزام لگا کر اپنی ساکھ بچانے کی کوشش کر رہا ہے‘ وفاقی وزیر

ہفتہ 26 اپریل 2025 11:50

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ڈیڑھ اینٹ کی ایک علیحدہ مسجد بنا رہی ہے، پاکستان کی سلامتی حوالے سے پوری قوم کو ایک ہونا چاہیے۔یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کا مفاد ہمارے ذاتی مفاد سے بڑی حقیقت ہے، ذاتی مفادات کو کبھی بھی پاکستان پر ترجیح نہیں دے سکتے۔

انہوںنے کہا کہ بھارت اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لئے پاکستان پر الزام لگا کر اپنی ساکھ بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔کیا پاکستان دہشتگردی کا شکار ملک نہیں ہی جتنا ہم نے دہشتگردی کا مقابلہ کیا کسی ملک نے نہیں کیا، بھارت میں ایک پٹاخہ بھی چل جائے تو بھارت پاکستان کے گرد پروپیگنڈہ کی مہم شروع کر دیتا ہے۔

(جاری ہے)

جہاں بھی دنیا میں دہشتگردی ہو گی ہمیں بھی دکھ ہو گا، بھارت ایک غیر محفوظ ملک ہے، بھارت بات بات پر الزام پاکستان پر لگاتا ہے، پاکستان میں جتنی دہشتگردی ہوئی ہم نے غیر ذمہ دارانہ رویہ نہیں اپنایا۔

انہوںنے کہا کہ بھارت میں الیکشن ہوتا ہے تو ان کے سیاستدان پاکستان پر الزام لگا نا شروع کر دیتے ہیں، پاکستانی قوم ایک متحد قوم ہے ہم دوسرے پر الزامات لگا کر سیاست نہیں کرتے۔ا نہوںنے کہا کہ بھارت کا سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے اقدام غیر ذمہ دار ہے،بھارت نے پانی کو ہتھیار بنا لیا ہے، ہماری مسلح افواج چوکس ہیں،قوم متحد ہے، بھارت نے ایسا قدم اٹھایا تو اسے جواب ملے گا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات