Live Updates

لاہور جنرل ہسپتال میں سیمینار بعنوان ''یو ایس ایم ایل ای و گلوبل کیریئر راستے'' 29اپریل کو منعقد ہوگا

ہفتہ 26 اپریل 2025 17:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) پاکستان کی میڈیکل ہسٹری میں پہلی بار امیرالدین میڈیکل کالج سے فارغ التحصیل ڈاکٹرز ، جو امریکہ، برطانیہ سمیت مختلف ترقی یافتہ ممالک میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں ، کی جانب سے 29اپریل کو لاہور جنرل ہسپتال میں سیمینار ''یو ایس ایم ایل ای اور گلوبل کیریئر راستے'' کا انعقاد کیا جا رہا ہے، ڈاکٹر ندیم سجاد راجہ صدر ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز آف نادرن یورپ (APPNE) بطور مہمان خصوصی برطانیہ سے سیمینار میں شرکت کریں گے۔

ترجمان کے مطابق اس سلسلہ میں گزشتہ روز پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفرکی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں بین الاقوامی سیمینار کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایم ایس پروفیسر فریاد حسین کے علاوہ سیمینار کے کوآرڈینیٹرمحمد احمد فراز تارڑ اور ڈاکٹر احمد فاروق بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے سیمینار کو پاکستان کیلئے برین گین کا عنوان دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ دنیا بھر میں خدمات سرانجام دینے والے پاکستانی ڈاکٹرز ایک چھت تلے جمع ہو نگے، علاوہ ازیں بیرون ملک اور پاکستان کے دور دراز شہروں کے ڈاکٹرز کو آن لائن سیمینار میں شرکت کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس شاندار تعلیمی و تحقیقی سیمینار میں سینئر ڈاکٹرز اپنے پیشہ وارانہ سفر (میڈیکل جرنی) اور تجربات کی روشنی میں شرکاء کو میڈیکل میں ہونیوالی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، سرجیکل پروسیجرز اور سکلز کے بارے میں لیکچرز دیں گے اور اس میڈیکل جرنی میں پیش آنے والی مشکلات سے بھی آگاہ کریں گے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے مزیدکہ پاکستان کی میڈیکل تاریخ میں اپنی نوعیت کے پہلے بین الاقوامی سیمینار کو کامیاب بنانے کیلئے پی جی ایم آئی /اے ایم سی /ایل جی ایچ کے تمام ڈاکٹرز ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کریں گے اور اس سیمینار کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنایا جائے گا تاکہ بین الاقوامی میڈیکل سطح پر میڈیکل پروفیشن میں امیر الدین میڈیکل کالج اور پاکستان کا نام سنہری حروف سے لکھا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سیمینار نوجوان ڈاکٹرز کیلئے ایک سنگ میل ہے جسے عبور کرنے کا اعزاز امیر الدین میڈیکل کالج کو حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیمینار اس بات کی عکاسی کرے گا کہ بین الاقوامی سطح پر تربیت یافتہ ڈاکٹرز کس طرح پاکستان میں ترسیلات زر، مہارت، ٹیکنالوجی اور عالمی نمائندگی کے ذریعے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات