واپڈا سٹی سب ڈویژن پتوکی کے ملازمین کی صارف سے غنڈا گردی

تاریخ سے پہلے ہی بجلی کا بل ادا کروانے کیلئے ایس ڈی او واپڈا سٹی پتوکی ،سکیورٹی کو ہمراہ لیکر صارف کا میٹر کاٹنے جاپہنچا ،گرفتار کروا دیا واپڈا کی غنڈا گردی کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے ،وزیراعظم شہباز شریف اور چیف لیسکو سے نوٹس لینے کا مطالبہ

ہفتہ 26 اپریل 2025 19:25

پھولنگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء) واپڈا سٹی سب ڈویژن پتوکی کے ملازمین کی صارف سے غنڈا گردی ،تاریخ سے پہلے ہی بجلی کا بل ادا کروانے کے لئے ایس ڈی او واپڈا سٹی پتوکی ،حساس اداروں اور ایلیٹ فورس کو ہمراہ لیکر صارف کا میٹر کاٹنے جاپہنچا اور اسے گرفتار کروا دیا ،واپڈا کی غنڈا گردی کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف لیسکو سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے واپڈا کو پولیس اور حساس اداروں کی دی جانے والی سکیورٹی کا واپڈا افسران ناجائز فائدہ اٹھانے لگے ۔اسماعیل ٹائون کے رہائشی مصطفی شاکر ولد اسحاق خادم کے میٹر کو واپڈا اہلکار نے چیک کیا اور اسے کہا گیا کہ تم نے میٹر سلو کررکھا ہے جس پر بجلی صارف کا مطالبہ تھا کہ اس میٹر کی تسلی کرلیں اس کی لیبارٹری کروالی جائے اور پوری تحقیق کرلیں ۔

(جاری ہے)

تاہم مبینہ بور پر رشوت نہ ملنے پر واپڈا اہلکار نے بغیر تصدیق اور چیکنگ کیے میٹر نمبر 04117440836907Uکو ایک لاکھ 41ہزار 438روپے کا بل بھجوا دیا جس کی آخری تاریخ 25اپریل 2025تھی تاہم تاریخ گزرنے سے پہلے ہی ایس ڈی او واپڈا ملازمین اور رینجرز ایلیٹ کے ہمراہ میٹر کاٹنے پہنچ گیا ۔عمران نامی شخص کا کہنا تھا کہ ابھی تو آخری تاریخ نہیں گزری آپ میٹر نہیں کاٹ سکتے جس پر ایس ڈی او نے طیش میں آکر اسے گرفتار کروا دیا اور زبردستی بل ادا کروانے کے بعد اسے رہا کیا گیا ۔

واپڈا کی غنڈا گردی پر شہریوں میں شدید غم وغصے کی لہر ہے ۔متاثرین اور شہریوں کا کہنا ہے کہ ناجائز بل بھی ڈالے جارہے ہیں اور پھر حساس اداروں اور پولیس کا سہارا لیکر ناجائز طریقے سے صارفین کو تنگ کیا جارہا ہے جس پر وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور چیف لیسکو کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔