ضلعی انتظامیہ کی سڑک کنارے لگائی گئی ریڑھیوں ، ٹھیلوں اور مویشی سیل پوائنٹس کے خلاف کارروائیاں

ہفتہ 26 اپریل 2025 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) وفاقی دارالحکومت کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے خصوصی مہم کے تحت سڑک کنارے لگائی گئی ریڑھیوں اور ٹھیلوں کو ہٹا دیا ۔ عید الاضحی کے حوالے سے مختلف مقامات پر قائم "مویشی سیل" پوائنٹس بھی ختم کر دئیے ہیں۔ہفتہ کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے وال چاکنگ کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

انتظامیہ نےسوڈا، آلو بخارا شربت سٹالز کی وجہ سے ٹریفک میں رکاوٹ بننے والے 12 افراد کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 33 سے زائد ریڑھیاں قبضے میں لے لی گئیں۔کارروائیاں سری نگر ہائی وے، مری روڑ، سیکٹر ایف سیون اور آبپارہ میں کی گئیں۔ایران ایونیو پر قائم غیر قانونی مویشی منڈی بھی ختم کرکے 2 افراد گرفتار کر لیا گیا۔وال چاکنگ کی خلاف ورزی پر کارروائیوں میں 6 افراد گرفتار کئے گئے۔۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی شاہراہوں پر شربت پوائنٹس سمیت دیگر تجاوزات قابل قبول نہیں،ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں کی جائیں گی،شہر کی خوبصورتی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔