Live Updates

قوموں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور متنوع ثقافتی اظہاراور باہمی احترام کو فروغ دینے میں ثقافتی سفارتکاری اہمیت کی حامل ہے، اورنگزیب خان کھچی

ہفتہ 26 اپریل 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) وفاقی وزیر ثقافت و قومی ورثہ اورنگزیب خان کھچی نے قوموں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور متنوع ثقافتی اظہار کے لئے باہمی احترام کو فروغ دینے میں ثقافتی سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہانگ کانگ میں ایشین کلچرل کوآپریشن فورم 2025 کے دوران وزیر مملکت حذیفہ رحمان اور پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل ایوب جمالی کے ہمراہ پاکستان کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ثقافتی تبادلوں کے ذریعے قائم ہونے والے تعلقات قوموں کے درمیان خیر سگالی اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لئے طاقتور محرک ہیں۔ وفاقی وزیر نے اس تقریب کے موضوع''سب کے لئے ثقافتوں کو جوڑنا، تخلیق کرنا، مشغول کرنا: ثقافتوں کو جوڑنا''کے تناظر میں تفہیم اور تعاون کے پلوں کی تعمیر میں ثقافتی تبادلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے عالمی سطح پر فنون لطیفہ اور ثقافت کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس فورم کا موضوع''رابطہ قائم کرنا، تخلیق کرنا، مشغول ہونا: سب کے لئے ثقافتوں کو جوڑنا" تھا، جس نے ایشیائی ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلے اور تعاون کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔ پاکستان کا وفد، جو ملک کے امیر اور متنوع ثقافتی ورثے کی نمائندگی کرتا ہے، خطے میں زیادہ سے زیادہ ثقافتی تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے کے مقصد سے تبادلہ خیال، ورکشاپس اور نیٹ ورکنگ سیشنز میں مصروف رہا۔

ایشین کلچرل کوآپریشن فورم پلس۔2025 میں پاکستانی وفد کی شرکت ثقافتی سفارتکاری کو فروغ دینے اور ایشیائی ہم منصبوں کے ساتھ بامعنی مذاکرات کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ اس طرح کی مصروفیات کے ذریعے پاکستان اپنے متحرک ثقافتی ورثے کی نمائش اور دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات