کسان سمیت تمام مکاتب فکر اور شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد پاک فوج کے ساتھ ہیں،مرکزی صدر پاکستان کسان اتحاد

اتوار 27 اپریل 2025 13:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی صدر خالد محمود کھوکھر نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف پاکستان کے تمام کسان ، مکاتب فکر اور شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ پاک فوج کے ساتھ ہیں ۔ ملتان پریس کلب میں اتوار کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پاکستان کسان اتحاد خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ آج پاکستان کا بچہ بچہ اپنے ملک کے وقار کےلئے قربانی دینے کےلئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارتی حکومت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے یہ ملک بے شمار قربانیاں دیکر بنایا ہے۔پاک فوج کے شانہ بشانہ اس کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔خالد کھوکھر کا کہنا تھا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے تو پانی ہماری زندگی ہے۔ملک کے ہر فرد کی طرح کسان اور کاشتکار بھی بھارت کی کسی بھی جارحیت کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا ہر شہر ہمارے نشانے پر ہے،اگر مودی حکومت نے کوئی غلطی کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔صدر پاکستان کسان اتحاد نے واضح کیا کہ دنیا کو معلوم ہے کہ پاکستان کی افواج ایک پیشہ ور افواج ہے اور ہماری جنگی صلاحیت بھارت سے کہیں زیادہ ہے۔