چائنا فلم فیسٹیول کا انعقاد پاکستان فلم انڈسٹری کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے،عظمی بخاری

اتوار 27 اپریل 2025 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ لاہور میں چائنا فلم فیسٹیول کا انعقاد پاکستان کی فلم انڈسٹری کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے،چین کی پاکستان کے دیگر شعبوں کی طرح فلم انڈسٹری میں شراکت داری قابل تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں منعقدہ چائنا فلم فیسٹیول میں شرکت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سیکرٹری انفارمیشن طاہر رضا ہمدانی اور چیئرمین الحمرا آرٹس کونسل رضی احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ عظمی بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب فلم انڈسٹری کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں جس کیلئے خصوصی گرانٹس کا اعلان کیا ہے، پنجاب حکومت نے فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے فلم کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ شراکت داری قابل تحسین اقدام ہے،پاکستان اور چین مل کر فلم اور کلچر کے میدان میں بڑے پیمانے پر کام کر سکتے ہیں اور یہ تعاون دونوں ملکوں کو مزید قریب لائے گا۔

وزیر اطلاعات نے لاہور اور بیجنگ میں نئے ٹیلنٹ، اداکاروں، پروڈیوسرز اور تکنیکی ماہرین کے لیے مشترکہ ورکشاپس کے انعقاد کی تجویز پیش کی تاکہ دونوں ممالک کے فلمی شعبے میں تکنیکی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ عظمی بخاری نے لاہور اور شنگھائی میں مشترکہ فلم فیسٹیول کے انعقاد کی بھی تجویز دی جس کے ذریعے دونوں ملکوں کے لوگ ایک دوسرے کی ثقافت کو مزید قریب سے جان سکیں گے اور باہمی تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔عظمی بخاری نے پاکستان اور چین کی ثقافتی دوستی کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک مستقبل میں فلم اور ثقافت کے میدان میں تاریخی سنگ میل عبور کریں گے۔