تاوان نہ ملنے پر چودہ سالہ طالبعلم کو قتل کرنے والا سفاک ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

اتوار 27 اپریل 2025 16:20

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) تین بہنوں کے اکلوتے 14 سالہ معصوم بھائی کو چالیس لاکھ روپے اغوا برائے تاوان کی واردات میں قتل کرنے والا سفاک ملزم مبینہ پولیس مقابلہ میں ہلاک ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کوٹرادھاکشن کے علاقہ میں پولیس مقابلہ ہوا جس میں ایک ملزم ہلاک، جبکہ دو ملزمان فرار ہو گئے۔ ہلاک ملزم کی شناخت مبین اشرف سکنہ باوے والا دھالہ کلاں کے نام سے ہوئی۔

ہلاک ملزم نے 05 روز قبل 03 بہنوں کے اکلوتے 14 سالہ بھائی عزیر کو اغوا برائے تاوان کی واردات میں بے دردی سے قتل کیا تھا۔ ڈی پی او محمد عیسیٰ خاں نے ڈی ایس پی افضل ڈوگر کی سربراہی میں 03 رکنی سپیشل ٹیم تشکیل دے رکھی تھی ۔ گزشتہ رات تھانہ کوٹرادھاکشن پولیس نے موٹر سائیکل پر سوار 03 مشکوک ملزمان کو چھینہ روڈ پر رکنے کا اشارہ کیا ۔

(جاری ہے)

ملزمان نے رکنے کی بجائے پولیس پارٹی پر مختلف اطراف سے فائرنگ شروع کردی اور کھیتوں میں داخل ہو گئے ۔

ملزمان کی اپنی فائرنگ سے ایک ملزم مبین اشرف شدید زخمی ہو گیا جبکہ دو فرار ہو گئے ۔ زخمی ملزم کو برائے علاج معالجہ تحصیل ہسپتال کوٹرادھاکشن لیکر جایا جا رہا تھا کہ راستہ میں ہلاک ہو گیا ۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک پسٹل اور صدر پھولنگر کے علاقہ سے چھینی جانیوالی موٹر سائیکل برآمد کر لی ۔تھانہ کوٹرادھاکشن پولیس نے مقدمہ درج کر کے فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے ڈی ایس پی صدر کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی ہے۔