Live Updates

سانگلہ ہل، پاکستان مسلم لیگ(ن)کے نومنتخب سٹی عہدیداران کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ

پاکستان مسلم لیگ(ن)نہ صرف عوام کی خدمت کے لیے پرعزم ہے بلکہ ہم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،چوہدری علی طارق چیمہ

اتوار 27 اپریل 2025 17:05

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)پاکستان مسلم لیگ(ن)سانگلہ ہل سٹی کے نومنتخب تنظیمی عہدیداران کے اعزاز میں امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 132، چوہدری علی طارق چیمہ کی جانب سے گزشتہ روز ایک پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں مسلم لیگ(ن)تحصیل سانگلہ ہل کے صدر میاں اعظم شریف، نائب صدر لیبر ونگ عامر ہاشمی، اور سٹی سطح کے دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری علی طارق چیمہ نے کہا کہ ہم سابق وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر کی خدمت اور عوامی سیاست کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے سانگلہ ہل کو وارڈ لیول تک منظم و مستحکم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں ہم سانگلہ ہل سے باصلاحیت نمائندوں کو کامیاب کرا کر عوام کی بہتر خدمت کو یقینی بنائیں گے۔چوہدری علی طارق چیمہ نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)نہ صرف عوام کی خدمت کے لیے پرعزم ہے بلکہ ہم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اگر بھارت کی جانب سے کوئی بھی غیر ذمہ دارانہ یا نامناسب اقدام کیا گیا تو ہم اس کا بھرپور جواب دیں گے۔تقریب کے اختتام پر تمام شرکا نے پی پی 132، خصوصا سٹی سانگلہ ہل کو مسلم لیگ(ن)کا مضبوط قلعہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات