Live Updates

بھارتی اقدامات پرفی الفور سفارتکاری ،عالمی سطح پر قانونی پیشرفت کی جانی چاہیے ‘ پنجاب بار کونسل

حکومت ،اپوزیشن کی تفریق کے بغیر تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے ‘ وائس چیئرمین عرفان صادق تارڑ

اتوار 27 اپریل 2025 18:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین عرفان صادق تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کے حالیہ اقدامات پر حکومت اور اپوزیشن کی تفریق کے بغیر تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہو کر بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے ، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے یکطرفہ اعلان کو سنجیدگی سے لیا جائے اور اس کے لئے فی الفور سفارتکاری اور عالمی سطح پر قانونی پیشرفت کی جانی چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہونے ملاقات کے لئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل کے چیئرمین فاروق ڈوگر،سیکرٹری رفاقت علی سوہل،سابق وائس چیئرمینز چودھری بابر وحید ،کامران بشیر مغل ،فرحان شہزاد،اکاونٹ آفیسر رانا عمیر اوردیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

عرفان صادق تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقت ہیں اس لئے بھارت کو بلا جواز اشتعال کا ماحول پیدا نہیں کرنا چاہیے ، اس معاملے میں چھوٹی سے غلطی سے خطے کا امن دائو پر لگنے کا اندیشہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج اپنے ملک کے دفاع کے لئے ہر لمحے تیار ہیں اور انہیں ساری قوم کی حمایت حاصل ہے اس لئے بھارت کو کسی غلط فہمی کا شکار نہیں ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کسی صورت یکطرفہ اقدام کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو ختم نہیں کر سکتا کیونکہ یہ کروڑوں انسانوں کا مسئلہ ہے ۔ پاکستان کو چاہیے کہ بھارت کے اعلان پر بغیر کسی تاخیر کے سفارتکاری کا عمل شروع کرے اور اس کے ساتھ عالمی سطح پر قانونی معاملات کو بھی آگے بڑھانا چاہیے جس کے لئے پاکستان کی تمام بارز ہر طرح کی معاونت فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات