ّلاہور میں بڑے پیمانے پر انسداد تجاوزات مہم: سڑکوں کی وسعت اور ٹریفک کی روانی میں بہتری

ض*ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں شہر بھر میں 36 دکانیں سیل، سامان ضبط ش*وزیر اعلیٰ پنجاب کے زیرو انکروچمنٹ وڑن کو عملی جامہ پہنانے کی کوششیں جاری

اتوار 27 اپریل 2025 20:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2025ء) ضلعی انتظامیہ لاہور نے ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں شہر بھر میں بڑے پیمانے پر انسداد تجاوزات آپریشن کیا جس کے دوران 36 دکانیں سیل کی گئیں، 10 ٹرک تجاوزات کا سامان اور 9 پھل فروش رکشے ضبط کیے گئے۔ کارروائیاں بادامی باغ، شاہدرہ، چمن کالونی، جوہر ٹاؤن، ملتان روڈ، رائیونڈ روڈ کے علاوہ منگا منڈی، سندر روڈ، رائیونڈ مین بازار، عبداللہ گل انٹرچینج، والٹن روڈ، علامہ اقبال روڈ، ٹاؤن شپ مارکیٹ، حاجی کیمپ، جی ٹی روڈ، ہربنس پورہ، اور رضوان گارڈن سمیت مختلف علاقوں میں کی گئیں۔

ان کارروائیوں سے شہر کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، سڑکیں وسیع ہوئی ہیں اور ٹریفک کی روانی بہتر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے زیرو انکروچمنٹ وڑن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تمام اقدامات جاری ہیں اور ضلع بھر میں انسداد تجاوزات کارروائیوں میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور تجاوزات سے پاک نمونہ شہر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ اس مہم کے تحت تمام اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں کارروائیاں مسلسل جاری ہیں جس سے شہر نہ صرف خوبصورت ہو رہا ہے بلکہ شہری سہولیات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ان کارروائیوں سے نہ صرف پیدل چلنے والوں کو سہولت ملی ہے بلکہ ٹریفک کے مسائل میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔