Live Updates

پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل شناختی کارڈ متعارف، فوٹو کاپی کی ضرورت ختم

ڈیجیٹل شناختی کارڈ کا مقصد جدید تقاضوں کے مطابق سہولیات فراہم کرنا ہے، نادرا

اتوار 27 اپریل 2025 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)نے پاکستان کا پہلا "ڈی میٹیریلائزڈ شناختی کارڈ" متعارف کرادیا جس کے بعد اب شہریوں کو قومی شناختی کارڈ یا اس کی فوٹو کاپی جیب میں رکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی اور یہ ڈیجیٹل شناختی کارڈ "پاک آئی ڈی" موبائل ایپ کے ذریعے بالکل مفت ڈائون لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نادرا سید شباہت کے مطابق شہری پاک آئی ڈی ایپ پر اپنے موجودہ شناختی کارڈ کے کیو آر کوڈ کی تصویر اپ لوڈ کریں گے جس کے بعد 30 منٹ کے اندر ویریفیکیشن مکمل ہوگی اور ڈیجیٹل کارڈ ایپ کے والٹ میں دستیاب ہوجائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر موبائل فون گم یا چوری ہوجائے تو نیا فون لے کر ایپ میں لاگ ان کرنے پر ڈیجیٹل کارڈ دوبارہ بحال کیا جا سکتا ہے۔

نادرا کے مطابق ڈیجیٹل شناختی کارڈ کا مقصد سرکاری دفاتر میں کام کی رفتار بڑھانا اور شہریوں کو جدید تقاضوں کے مطابق سہولیات فراہم کرنا ہے۔تاہم، اسے بطور متبادل قبول کرنے کا فیصلہ دیگر اداروں پر منحصر ہے۔مزید برآں نادرا جلد ہی پاک آئی ڈی ایپ پر فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی)اور چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (سی آر سی)کی ڈیجیٹل دستیابی بھی متعارف کرانے پر غور کر رہا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات