Live Updates

وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال کی آذربائیجان کے ہم منصب سے ملاقات، صحت کے شعبے سے متعلق تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ

اتوار 27 اپریل 2025 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) وفاقی وزیر برائے صحت مصطفیٰ کمال نے اتوار کو آذربائیجان کے وزیر صحت سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے صحت کی کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی، ملاقات کے دوران صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔آذربائیجان کے وزیر صحت نے مصطفی کمال کا پرتپاک استقبال کیا اور اپنی حکومت کی طرف سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دونوں فریقوں نے ڈیجیٹل ہیلتھ، فارماسیوٹیکل اور میڈیکل ٹیکنالوجیز میں تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے متعدد امورپر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر مصطفی کمال نے کہا کہ آذربائیجان اور پاکستان صحت کے شعبے میں تعاون کی دیرینہ اور نتیجہ خیز تاریخ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان کی آذربائیجان کے تجربات سے سیکھنے خاص طور پر ابھرتی ہوئی صحت کی ٹیکنالوجیز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

دونوں وزرا نے ٹیلی میڈیسن سمیت ڈیجیٹل ہیلتھ سلوشنز میں تعاون بڑھانے اور صحت کی دیکھ بھال کی مصنوعات جیسے کہ دواسازی، حیاتیاتی اور طبی آلات تیار کرنے میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔مصطفی کمال نے فارماسیوٹیکل مصنوعات میں دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے پر بھی زور دیا اور آذربائیجان کی مارکیٹ میں پاکستانی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے داخلے کو آسان بنانے کے لیے تجویز پیش کی۔

باضابطہ تعاون کے اقدام میں دونوں ممالک نے مستقبل میں تعاون کے لیے ایک فریم ورک کا مسودہ تیار کرنے کے لیے ایک مشترکہ ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ملاقات میں صحت کی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں خاص طور پر آنکولوجی، کارڈیالوجی اور اعضاء کی پیوند کاری جیسے خصوصی شعبوں میں دونوں ممالک کی طاقتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے امکانات کو بھی اجاگر کیا گیا۔اس مصروفیت نے ایس سی او کے وسیع تر فریم ورک کے تحت صحت کے شعبے میں پاکستان-آذربائیجان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی جانب ایک اور قدم کی نشاندہی کی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات