پاکستان پرامن ملک،بھارت نے مہم جوئی کی کوشش کی تواسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا،صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی

اتوار 27 اپریل 2025 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے بھارتی عزائم کو خطے اور عالمی امن کیلئے مستقل خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کا پردہ فاش ہوچکا ہے، اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت یا مہم جوئی کی تو اسے بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔اپنے بیان میں میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہم ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کاخواہاں رہا ہے تاہم کسی بھی چیلنج یا خطرے کی صورت میں قوم متحد ہو کر اپنے وطن کا دفاع کرنا جانتی ہے، بلوچستان کے عوام ماضی کی طرح آج بھی ملکی دفاع اور قومی یکجہتی کیلئے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبے، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اس سوچ کا مظہر ہیں کہ ہم نہ صرف ترقی بلکہ پائیدار امن کے خواہاں ہیں۔

(جاری ہے)

میر شعیب نوشیروانی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیا میں امن کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کرے اور بھارت کو اس کی سازشی تھیوریز اور مذموم چالوں سے باز رکھے تاکہ خطے کے عوام خوشحالی، ترقی اور استحکام کی جانب گامزن ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام قومی وحدت اور ملکی سالمیت کے لیے اپنی قربانیوں پر ہمیشہ فخر کرتے ہیں اور آئندہ بھی ملکی ترقی اور امن کے مشن میں ہر ممکن کردار ادا کرتے رہیں گے۔