کراچی، مختلف علاقوں میںپولیس مقابلوں کے دوران3 ملزمان ہلاک جبکہ 4ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا

پیر 28 اپریل 2025 15:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)شہرقائد میں مختلف علاقوں میں ہونے والے پولیس مقابلوں کے دوران3 ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ 4ملزمان کو پولیس مقابلہ کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔گرفتار اور ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے ۔ پہلا مقابلہ خواجہ اجمیر نگری کے علاقے میں ہوا۔

پولیس حکام کے مطابق ڈاکو تیموریہ کے علاقے میں واردات کے بعد فرار ہورہے تھے، کیفے پیالہ سے ہی پولیس اہلکار ملزمان کے پیچھے لگے ہوئے تھے اور کئی کلومیٹر دور خواجہ اجمیر نگری کے علاقے رشید آباد میں فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ملزمان مارے گئے۔اس حوالے سے ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی نے بتایا کہ ملزمان لوٹ مار کے بعد فرار ہورہے تھے کہ پولیس نے فوری تعاقب کیا۔

(جاری ہے)

ہلاک ملزمان کے پاس سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے جبکہ فوری طور پر ان کی شناخت نہیں ہوسکی۔دوسری جانب نیو ایم اے جناح روڈ پر قائم پردہ پارک کے قریب پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے، پولیس کے ساتھ مقابلے میں ایک ملزم مارا گیا۔

دونوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہے۔دریں اثناء شاہراہ نورجہاں پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 3 ڈاکوئوں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔پولیس حکام کے مطابق شاہراہ نورجہاں پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب شادمان سیکٹر 14/B سخی حسن قبرستان کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 3 ڈاکوئوں کو گرفتار کر لیا۔

زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ، ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 28 سالہ شاہ جہاں ولد محمد ویانی کے نام سے کی گئی جبکہ دیگر 2 گرفتار ملزمان نے اپنے نام محمد کامران ولد محمد ذوالفقار اور عبدالصبور ولد طاہر شاہ خان بتائے ہیں،گرفتار ملزمان کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔گرفتار ملزمان سے دو پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فونز ، نقد رقم اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے ، گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں ۔