تیز رفتار ٹرک کی موٹر سائیکل کو ٹکر2طالب علم بھائی موقع پر جاں بحق, باپ اوربیٹا زخمی ہوگئے

پیر 28 اپریل 2025 15:43

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) فیصل آباد میں تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے 2 طالب علم بھائی موقع پر جاں بحق اور باپ بیٹا زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کھرڑیانوالہ کی حدود مکوآنہ سے خانوآنہ بائی پاس روڈ پی ایس او پمپ کے قریب تیز رفتار ٹرک نے سکول کیلئے جاتے ہوئے موٹر سائیکل سوار باپ اور 3 بیٹوں کو روند ڈالا حادثہ میں 2 طالب علم بھائی 6 سالہ سفیان اور 11 سالہ نعمان موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

جبکہ 34 سالہ باپ اقبال ولد نوشیر اور بیٹا 13 سالہ عاطف شدید زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے فوری موقع پر پہنچ کر طبی امداد فراہم کرتے ہوئے الائیڈ2 ہسپتال منتقل کر دیا۔ ریسکیو1122 کے مطابق محمد اقبال نامی شخص اپنے تین بیٹوں کو سکول چھوڑنے جا رہا تھا کہ اچانک پیچھے سے 22 وہیلر ہیوی ٹرک کی ٹکر کے نتیجہ میں دو بیٹے موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک بیٹا اور اقبال خود شدید زخمی ہو گیا۔پولیس کے مطابق ٹرالر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ہے جسکی تلاش کی جا رہی ہے۔ تھانہ کھرڑیانوالہ پولیس نے کارروائی کا آغاز کردیا۔