موٹروے پولیس سائوتھ زون کی کارروائی، جامشوروایم 9سے 30 تھیلے ممنوعہ چھالیہ برآمد

پیر 28 اپریل 2025 15:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)موٹروے پولیس سائوتھ زون، سیکٹرIII جامشورو کے افسران نے اپنی جانفشانی اور مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بڑی کامیابی حاصل کی۔ رات 2 بج کر 15 منٹ پر معمول کے گشت کے دوران ایک مسافر نے اطلاع دی کہ ایک سفید سوزوکی آلٹو(رجسٹریشن نمبر BTK-308)اس کی گاڑی اور مرکزی حفاظتی باڑ سے ٹکرا کر فرار ہو گئی ہے۔

اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کے افسران نے فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف پیش قدمی کی۔ تقریبا دو کلومیٹر کے فاصلے پر مشتبہ گاڑی کو دیکھا گیا، تاہم پولیس کو دیکھتے ہی گاڑی کے سواران نے گاڑی چھوڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی، جبکہ ڈرائیور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا۔گاڑی کی تلاشی لینے پر گاڑی سے 30 تھیلے ممنوعہ چھالیہ برآمد ہوئی۔

(جاری ہے)

ایڈمن آفیسر بھی بروقت موقع پر پہنچے اور کارروائی میں معاونت فراہم کی۔ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد برآمد شدہ سامان اور گاڑی کو مزید کارروائی کے لیے پولیس اسٹیشن جامشورو کے حوالے کر دیا گیا۔موٹروے پولیس کی یہ کامیابی نہ صرف قانون کی عملداری کا ثبوت ہے بلکہ شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے عزم کا بھی اظہار کرتی ہے۔ موٹروے پولیس عوام کی خدمت اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے دن رات کوشاں ہے۔بروقت اور کامیاب کارروائی پر زونل کمانڈر سائوتھ زون ڈی آئی جی اصغر علی یوسفزئی اور سیکٹر کمانڈرز ایس ایس پی ندیم اشرف وڑائچ نے افسران کو شاباش دی۔