لاہور میں پولیو مہم کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس

پیر 28 اپریل 2025 15:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) لاہور میں پولیو مہم کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا اور وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے پولیو، عظمی کردار کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، سی او ہیلتھ ڈاکٹر ذوہیب حسن خان اور بین الاقوامی مبصرین نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران سی او ہیلتھ ڈاکٹر ذوہیب حسن خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران شہر میں جاری احتجاجات اور ریلیوں کے باوجود 95 فیصد سے زائد اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں۔ بریفنگ کے مطابق اب تک 22 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے ہدایت دی کہ تمام ڈی ڈی ایچ اوز فیلڈ میں سخت مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں اور پولیو مہم میں تمام متعلقہ محکمے باہمی اشتراک سے کام کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انسداد پولیو مہم میں مکمل اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے مہم میں مزید دو روز کا اضافہ کیا جائے گا۔ وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے پولیو عظمی کردار نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانا یقینی بنایا جائے گا اور لاہور سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق لاہور کو پولیو سے پاک شہر بنانا ہمارا ہدف ہے۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ پولیو ٹیمیں اپنی قیادت میں پرعزم اور پرجوش انداز میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔