Live Updates

بھارتی حکومت اور افواج کے مقبوضہ جموں وکشمیر میں حالیہ اقدامات جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں، شازیہ کیانی ایڈووکیٹ

سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلا کر بھارتی فوج اور حکومت کے انسانیت سوز جنگی جرائم پر اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق سزا دی جائے

پیر 28 اپریل 2025 16:12

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)نامور قانون دان محترمہ شازیہ کیانی ایڈووکیٹ نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کی حراست اور بغیر کسی قانونی جواز کے کشمیریوں کے گھروں کو بارود لگا کر تباہ کرنے کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے اور اسے کھلی ریاستی دہشت گردی قراد دے کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قابض بھارتی افواج کے انسانیت سوز جرائم کا نوٹس لے کر اس کے خلاف جنگی جرائم میں ملوث ہونے کی پاداش میں کارروائی کرے۔

اپنے اخباری بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اور افواج کے مقبوضہ جموں وکشمیر میں حالیہ اقدامات جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔ پہلگام واقعات کے بعد 72 گھنٹوں میں بھارتی افواج دو ہزار سے زیادہ کشمیری مسلمان نوجوانوں کو بغیر وارنٹ گرفتار کرکے نامعلوم مقام منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اس وقت تک بھارتی فوج نے دس سے زیادہ گھروں کو بارود سے تباہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اور افواجِ کھلم کھلا مقبوضہ جموں وکشمیر میں جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہے ہیں۔ عوام کے گھروں کو تباہ کرنا شہریوں کو سر عام قتل کر دینا دو ہزار سے زائد نوجوانوں کو عقوبت خانوں میں بند کردیا اور بغیر قانونی چارہ جوئی کے کسی بھی مہذب ملک کے آئین اور بین الاقوامی قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری، امریکہ برطانیہ سمیت عالمی طاقتوں کے سربراہان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بگڑتی ہوتی انسانی حقوقِ کی صورتحال کا نوٹس لیں اور بھارت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں مظالم بند کرے۔

انھوں نے سلامتی کونسل کے صدر سے مطالبہ کیا کہ وہ سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلا کر بھارتی فوج اور حکومت کے انسانیت سوز جنگی جرائم پر اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق سزا دے اور مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں تباہ کئے گئے مکانات کے مالکان کو معاوضہ ادا کرے اور گرفتار نوجوانوں کو عدالتی چارہ جوئی کا حق دے اور ان کے لواحقین کے گرفتار شدگان کے بارے میں معلومات فراہم کرے۔انھوں نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ اگر انہوں نے بھارت کو ان مظالم سے نہ روکا تو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانی جانوں کے المیہ کو روکا نہیں جا سکے گا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات