محکمہ لائیو سٹاک سرگودھا کے زیرِ انتظام 10 فلڈ ریلیف کیمپس قائم کردیئے گئے ہیں ،ڈاکٹر تنویر اشرف کلیار

پیر 28 اپریل 2025 17:13

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) محکمہ لائیو سٹاک کے زیرِ انتظام ریجن بھر میں 10 فلڈ ریلیف کیمپس قائم کردیئے گئے ہیں۔ محکمہ لائیو سٹاک سرگودھا ریجن نے دریائے جہلم ضلع سرگودھا میں متوقع سیلابی صورتحال کو مدِ نظررکھتے ہوئے صورتحال کو مانیٹر کرنے کے بعد سرگودھا ڈویژن کی تحصیل بھیرہ، سرگودھا، شاہ پور، کوٹمومین، جھاوریاں، ساہیوال، گوندل والا و دیگر علاقوں سمیت 10 فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے ہیں، جس کا مقصد علاقے کے جانوروں گائے ، بھینس ، بکریاں ، بھیڑیں اور مرغیاں وغیرہ کو نقصان دہ بیماریوں سے بچانا ہے جن کو سیلابی ریلے سے نقصان پہنچانے گا اس عمل کو 30 مئی 2025ء تک مکمل کرلیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک سرگودھا ڈویژن ڈاکٹر تنویر اشرف کلیار نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے ضلع بھر میں قائم فلڈ ریلیف کیمپوں میں چھوٹے اور بڑے جانوروں کی ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔ ڈاکٹر تنویر کلیار نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کے تحت 761603 جانوروں کو ہیلیموریجک سیپٹیسیمیا کی بیماری سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے ہیں جو کہ ایک بیکٹیریل بیماری ہے اور سیلاب کے دنوں میں پھیل سکتی ہے۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ اب تک 519559 جانوروں کو بلیک قرادیہ (سیاہ بیماری) سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے ہیں جبکہ 438000 چھوٹے جانوروں بشمول بھیڑ بکریوں کو (اینٹروٹیسیمن) سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلع میں گائے اور بھینسوں سمیت بڑے جانوروں کی کل تعداد 1119911 ہے جبکہ ضلع میں چھوٹے جانور 465532 ہیں جن میں بکرے اور بھیڑیں شامل ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق محکمہ لائیو سٹاک متوقع سیلاب کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کر رہا ہے۔