ضلعی سیکرٹریٹ ایبٹ آباد میں پاکستان مسلم لیگ ن کی تنظیم سازی کے حوالہ سے اجلاس کا انعقاد

پیر 28 اپریل 2025 20:12

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) مسلم لیگ( ن)ضلع ایبٹ آباد کےصدر ملک محبت اعوان نے کہاہے کہ پارٹی کو ویلج کونسل کی سطح پر منظم اور فعال کررہے ہیں ،مسلم لیگ ن ضلع ایبٹ آباد کو گراس روٹ لیول پر فعال اور منظم کرنے کے لیے ویلج کونسل اور نیبر ہوڈ کونسل کی سطح پر تنظیم سازی اور رکنیت سازی کا فیصلہ کیا گیا۔وہ پارٹی کے ضلعی سیکرٹریٹ میں تنظیم سازی کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔

اجلاس میں مسلم لیگ ن ضلع ایبٹ آباد کے تمام ونگز کے عہدیداران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر ملک محبت اعوان نے کہا ہے کہ گراس روٹ لیول تک مضبوط پارٹی ڈھانچے کی تشکیل کے لیے ہمیشہ کی طرح اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت نے مختصر وقت میں ملکی معیشت کو استحکام کی جانب گامزن کر دیا ہے، بجلی کے نرخوں میں تاریخی ریلیف حکومت کی عوام دوستی کا ثبوت ہے۔

ضلعی جنرل سیکرٹری ذوالفقار جاوید عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کے فیصلوں کے ثمرات عوام تک منتقل ہونا شروع ہو گئے ہیں ۔ اجلاس سے مسلم لیگ ن ہزارہ ڈویژن کے جنرل سیکرٹری سہیل انجم مغل ،ضلعی سینئر نائب صدر سردار خالد ،نائب صدر سردار حنیف ،نائب صدر ضلع عثمان سہگل ،نائب صدر ضلع ملک جمیل ،نائب صدر ملک یاسراور سوشل میڈیا ٹیم کے ضلعی صدر ابرار تنولی نے بھی خطاب کیا