دھرنا ختم کرنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا خط سراسر جعلی اور بے بنیاد ہے،وائس چیئرمین سندھ بار کونسل

پیر 28 اپریل 2025 21:03

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)سندھ بار کونسل کے وائس چیئرمین شفقت رحیم راجپوت نے دیگر وکلاء کے ہمراہ ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دھرنا ختم کرنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا خط سراسر جعلی اور بے بنیاد ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسی جعلی خبروں پر یقین نہ کریں۔ شفقت رحیم راجپوت نے کہاکہ وکلاء کا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک متنازع نہر منصوبے کو مسترد کرنے کا سرکاری مراسلہ جاری نہیں کیا جاتا،انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والی پریس کانفرنس میں حکومت کے سامنے دو اہم مطالبات رکھے گئے تھے جن کا اب حکومت نے جائزہ لیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج سی سی آئی (کونسل آف کامن انٹرسٹ) کا اجلاس ہو رہا ہے اور امید ظاہر کی کہ اجلاس میں قانونی برادری کے مطالبات کی منظوری دی جائے گی،انہوں نے کہا کہ مطالبات منظور ہوتے ہی قانونی برادری احتجاج کے مقام پر جشن منائے گی،سندھ کی تمام عدالتوں میں پولیس کا بائیکاٹ جاری ہے اور قانونی برادری مکمل طور پر ایک پیج پر متحد ہے۔

(جاری ہے)

شفقت رحیم راجپوت و دیگر وکلاء نے آئی جی سندھ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قانونی برادری کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کرنے سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوسکتے انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کے وکلاء کے خلاف درج تمام جھوٹی ایف آئی آر فوری طور پر ختم کی جائیں، ہم سندھ کی سرزمین کی حفاظت کے لیے میدان میں اتر رہے ہیں اور یہ دھرنا ہمارا قومی فریضہ ہے،ہمارا مقصد صرف متنازعہ نہر منصوبے کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے۔ ہم کوئی بدامنی یا افراتفری نہیں چاہتے۔آخر میں شفقت رحیم راجپوت نے ایک بار پھر امید ظاہر کی کہ آج ہمارے مطالبات پورے ہو جائیں گے اور قانونی برادری شام کو دھرنے میں مل کر جشن منائے گی۔