ایران کی جانب سے مکران ڈویژن کیلئے بجلی فراہمی کے کوٹہ میں کمی کیوجہ سے مکران کے تینوں اضلاع میں اضافی لوڈمینجمنٹ کی جارہی ہی: کیسکو

پیر 28 اپریل 2025 23:06

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2025ء) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے ترجمان نے کہاہے کہ ہمسایہ ملک ایران کی جانب سے مکران ڈویژن کو بجلی فراہمی کے کوٹہ میں کمی کردی گئی ہے۔ اور اس سلسلے میں 132kV پولان۔جیوانی ٹرانسمیشن لائن سے 20 میگاواٹ بجلی مل رہی ہے اور اس ٹرانسمیشن لائن سے جیوانی، گوادرڈور، گوادر انڈسٹریل،ڈیپ سی پورٹ،نیو گوادرانٹرنیشنل ائیرپورٹ، پسنی اورماڑہ گرڈاسٹیشنوں کو بجلی فراہم کی جارہی ہے۔

اسی طرح 132kV پیشن۔مندٹرانسمشین لائن سے صرف 7میگاواٹ بجلی مل رہی ہے اور اس ٹرانسمیشن لائن سے صرف مند اور تمپ گرڈاسٹیشن کو بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں پنجگور،ہوشاپ، تربت اور 220kvانڈسٹریل گرڈاسٹیشن سے 53میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ 132kV پولان۔جیوانی اور132kV پیشن۔مند ٹرانسمیشن لائنز سے بجلی فراہمی کے کوٹہ میں کمی کی وجہ سے مکران ڈویژن کے متعلقہ علاقوں میں اضافی لوڈمینجمنٹ کی جارہی ہے۔

اسکے علاوہ متعلقہ علاقوں میں وولٹیج کی کمی و بیشی کامسئلہ بھی درپیش ہے جسے حل کر دیا جائے گا۔ترجمان نے توقع ظاہر کی ہے کہ ایران سے بجلی کے کوٹہ میں اضافہ کے بعد صورتحال معمول پر آئیگی جس کے بعد مکران ڈویژن کے تمام علاقوں میں اضافی لوڈ شیڈنگ ختم ہونے کے علاوہ وولٹیج میں کمی و بیشی پر بھی قابو پایاجاسکے گا۔ تاہم اس دوران ایران سے بجلی کے کوٹہ میں کمی اور اضافی لوڈ شیڈنگ پر کیسکو نے مکران کے صارفین سے معذرت اورتعاون کی اپیل کی ہے۔