Live Updates

بیرسٹر سلطان سے سردار مسعود خان کی ملاقات،مسئلہ کشمیر ،مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت پر تفصیلی بات چیت

پیر 28 اپریل 2025 23:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے سابق صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان کی ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات کی۔ اس موقع پرصدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سابق صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان کے درمیان مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت پر تفصیلی بات چیت کی اور دونوں رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والی فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی اوراس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں پر ظلم و جبر کر رہا ہے لیکن دنیا یہ جانتی ہے کہ بھارت ہندوتوا کے نظریے پر گامزن ہے اور مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کیے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت ایسے فالس فلیگ آپریشن کر کے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر کو سبو تاژ کرنا چاہتا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کے عوام کی دہائیوں پر محیط تحریک آزادی کشمیر ظلم و بربریت سے دبائی نہیں جاسکتی۔ اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے جابرانہ قبضے کو غیر قانونی اور غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کو جنگ کی طرف جانے سے روکے اور بھارت کو اُس کے مذموم عزائم سے باز رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ جنگ تنازعہ کشمیر کا حل نہیں بلکہ یہ پورے خطے کو مزید مشکلات میں دھکیل دے گی پاک بھارت دو ایٹمی طاقتیں ہیں جن کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایٹمی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جس سے پوری دنیا کے امن کو خطرہ ہے انٹرنیشنل کمیونٹی کو یہ باور کرنا چاہیے کہ جنوبی ایشیاء میں امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے لہذا عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سابق صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالی اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے دنیا کے ہر فورم پرموثر انداز میں آواز اُٹھانے کے لئے مل کر کوششیں کی جائیں گی۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سابق صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر اُمور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات