وانا، لوئر جنوبی وزیرستان میں دھماکہ، 7افراد جاں بحق، 29زخمی

پیر 28 اپریل 2025 19:25

وانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)ضلع لوئر جنوبی وزیرستان کے وانا بازار میں واقع سابقہ امن کمیٹی اور ملانذیر گروپ کے اہم کمانڈر سیف الرحمان کے دفتر پر نامعلوم افراد نے دھماکہ کر دیا، پولیس ذرائع کے مطابق واقعے میں 7افراد جاں بحق جبکہ 29افراد زخمی ہو گئے۔دھماکے کے وقت دفتر میں مقامی قبائل کا جرگہ جاری تھا۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ دفتر مکمل طور پر زمین بوس ہو گیا۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو فوری طور پر وانا ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے حالت تشویشناک ہونے پر کمانڈر سیف الرحمان سمیت چار افراد کو ڈیرہ اسماعیل خان ریفر کر دیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ خودکش حملے کا نتیجہ لگتا ہے تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔واضح رہے کہ کمانڈر سیف الرحمان اس سے قبل رمضان المبارک کے دوران بھی ایک دھماکے کا نشانہ بن چکے ہیں۔ تازہ واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ یا تنظیم نے قبول نہیں کی۔