Live Updates

پاک بھارت کشیدگی، طویل مدتی و نوری ویزا ہولڈرز کیلئے واہگہ/اٹاری بارڈر کھول دیا گیا

پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے نوری ویزا کے حامل 129افراد واہگہ بارڈر کے راستے انڈیا چلے گئے

پیر 28 اپریل 2025 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے باوجود طویل مدتی و نوری ویزا رکھنے والے شہریوں کیلئے دو دن کیلئے واہگہ اٹاری بارڈر کھول دیا گیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد ان افراد کو سہولت فراہم کرنا ہے جو پاکستان کا طویل المدتی ویزا یا انڈیا کی طرف سے نواوبجیکشن ریٹرن ٹو انڈیا (نوری)ویزا رکھتے اور دونوں ممالک میں مقیم ہیں، یہ افراد بارڈر بند ہونے کے باعث واپسی میں مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔

پیر کے روز پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے نوری ویزا کے حامل 129افراد واہگہ بارڈر کے راستے انڈیا چلے گئے تاہم انڈیا سے پاکستان کا طویل مدتی ویزا رکھنے والا کوئی شہری پاکستان نہیں آیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پاکستان کا طویل مدتی ویزا رکھنے والے بھارتی شہریوں کی آمد منگل اور بدھ کے روز متوقع ہے۔سفارتی حکام کے مطابق پاکستان کی طرف سے لانگ ٹرم ویزا ان بھارتی شہریوں /خواتین کو دیا جاتا ہے جن کی شادی پاکستان میں ہوئی اور وہ مستقل طور پر انڈیا چھوڑ کر پاکستان میں مقیم ہیں لیکن انہیں ابھی تک پاکستانی شہریت نہیں مل سکی ہے، ایسے افراد جب اپنے خاندان سے ملنے یا کسی تقریب میں شرکت کیلئے انڈیا جاتے ہیں تو انہیں انڈیا سے واپس پاکستان آنے کیلئے ویزا لینے کی ضرورت نہیں ہوتی ہے جبکہ بھارت کی طرف سے ایسے پاکستانی جو بھارت میں مقیم ہیں یا ان کی ان کی وہاں شادی ہوگئی بھارتی حکومت کی طرف سے انہیں لانگ ٹرم ویزا کے ساتھ نواوبجیکشن ریٹرن ٹو انڈیا کا این اوسی دیا جاتا ہے جس کے ساتھ وہ پاکستان اپنے خاندان سے ملنے آتے اور پھر بغیر ویزا لئے انڈیا واپس جاسکتے ہیں۔

حالیہ کشیدگی کے باعث جب پاکستان اور انڈیا نے واہگہ اٹاری بارڈر بند کردیا تو طویل مدتی اور نوری ویزا رکھنے والے افراد کے لئے مشکلات پیدا ہوگئیں جو ان دنوں اپنے ملک میں اپنے رشتہ داروں کے پاس آئے تھے اور انہیں انڈیا سے واپس پاکستان یا یہاں سے واپس انڈیا جانا تھا۔دونوں حکومتوں نے بزنس ویزا، سیاحتی ویزا اور میڈیکل ویزا رکھنے والوں کے ویزے منسوخ کرکے انہیں اپنے ملک واپسی کے لئے مہلت دی تھی اور ان کے لئے بارڈر کھولا گیا تھا جبکہ لانگ ٹرم ویزا رکھنے والے بھارتی پاسپورٹ کے حامل افراد کو واپس پاکستان اور پاکستانی پاسپورٹ کے حامل افراد کو واپس انڈیا جانے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی اور گزشتہ چار روز سے یہ لوگ بارڈر کے دونوں جانب اجازت ملنے کے منتظر تھے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات