Live Updates

الخدمت فانڈیشن کی جانب سے غزہ کیلئی26ویں امدادی کھیپ اردن پہنچ گئی

ادویات، خیمے، ہائی جین کٹس سمیت 40ٹن امدادی سامان شامل

پیر 28 اپریل 2025 21:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)الخدمت فانڈیشن پاکستان کی جانب سے غزہ کے جنگ زدہ عوام کیلئے 40ٹن امدادی سامان اردن کے دارالحکومت عمان پہنچ گیا، فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کیلئے اہل پاکستان کی جانب سے الخدمت فانڈیشن نے کراچی سے امدادی سامان روانہ کیا۔اس حوالے سے الخدمت فائونڈیشن کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے بھیجے جانے والے امدادی سامان میں 20ٹن ادویات، 5ٹن ہائی جین کٹس اور 15ٹن خیمے شامل ہیں۔

الخدمت فائونڈیشن پاکستان نے رمضان المبارک کے موقع پر غزہ کے محصور اور متاثرہ عوام کی مدد کیلئے 900ٹن امدادی سامان فضائی کارگو کے ذریعے روانہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن بدقسمتی سے مصر و اردن کے تمام سرحدی راستوں کی بندش کی وجہ سے رمضان المبارک کے دوران یہ امدادی سامان غزہ تک نہ پہنچ سکا۔

(جاری ہے)

امدادی سامان کی ترسیل حکومت پاکستان، الخدمت فانڈیشن پاکستان اور رائل میڈیکل سروسز آف جورڈن کی مسلسل سفارتی اور انتظامی کوششوں کے نتیجے میں ممکن بنائی جا سکی۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بتایا کہ الخدمت فانڈیشن پاکستان کے لاہور اور کراچی کے گوداموں میں موجود 900ٹن امدادی سامان کی روانگی کے لیے تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔ آئندہ دنوں میں ادویات، خیموں، ترپال، سلیپنگ بیگز اور ٹن فوڈ پر مشتمل یہ سامان 6سے 7طیاروں کے ذریعے مرحلہ وار اردن اور مصر کے ذریعے غزہ بھیجا جائے گا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات