کراچی میں تمام آن لائن ٹیکسی سروسز کیلئے ایک ہی نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

تمام ٹیکسی سروسزکو ایک چھتری تلے منظم کیا جائے گا اس اقدام سے کرایوں، سروس کے معیار اور گاڑیوں کی انسپیکشن کے نظام میں بہتری آئے گی؛ صوبائی وزیر شرجیل میمن کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 اپریل 2025 11:16

کراچی میں تمام آن لائن ٹیکسی سروسز کیلئے ایک ہی نظام متعارف کرانے کا ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل 2025ء ) سندھ حکومت نے کراچی میں تمام آن لائن ٹیکسی سروسز کیلئے ایک ہی نظام متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے کراچی میں چلنے والی تمام آن لائن ٹیکسی سروسز کے لیے ایک ہی نظام لانے اور ای وی ٹیکسی لانچ کرنے کے لئے اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اجلاس ہوا، وزیر اعلٰی کے خصوصی معاون برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ قاسم نوید قمر نے خصوصی شرکت کی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ایم ڈی کمال دایو نے بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں موٹر وہیکل انسپیکشن سینٹرز کے قیام میں پیش رفت اور کراچی میں قائم موٹر وہیکل انسپیکشن سینٹرز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں عوام کو آسان اقساط پر ای وی ٹیکسی گاڑیاں فراہم کرنے کے مختلف ماڈلز پر بھی غور کیا گیا، قاسم نوید قمر نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے مختلف مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو قائل کیا جا رہا ہے، حکومت سندھ سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو معیاری، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے ہم کراچی میں ٹیکسی گاڑیوں کے نظام کو ایک مربوط اور جدید انداز میں ایک چھتری تلے لانے کے لیے کام کر رہے ہیں، ای وی ٹیکسی سروس کے آغاز سے ناصرف شہر کا ٹیکسی نظام بہتر ہوگا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی واضح کمی آئے گی۔

صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ تمام ٹیکسی سروسزکو ایک چھتری تلے منظم کیا جائے گا تاکہ مسافروں کو محفوظ، معیاری اور قانون کے مطابق سہولیات فراہم کی جا سکیں، ایک چھتری کے اقدام سے کرایوں، سروس کے معیار اور گاڑیوں کی انسپیکشن کے نظام میں بہتری آئے گی، حکومت سندھ خواتین کو خود مختار بنانے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے، پہلے مرحلے میں ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات کو ایک ہزار پنک اسکوٹیز مفت فراہم کی جائیں گی، سکوٹیز کی فراہمی کے لیے تیز رفتار اقدامات جاری ہیں تاکہ خواتین کو سفری سہولت میں آسانی میسر آ سکے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کراچی میں چلنے والی روایتی بسیں دیگر اضلاع میں منتقل کی جائیں اور شہر کا مکمل بس نظام ای وی بسز پر منتقل کیا جائے، کراچی کے شہریوں کے لیے ڈبل ڈیکر بسز رواں سال جون تک پہنچ جائیں گی، جبکہ نئی بسوں کی ایک بڑی کھیپ جون کے آخر یا جولائی کے اوائل میں متوقع ہے، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کے لیے نئی بسوں کی خریداری کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کروانے کی کوشش کی جائے گی، کراچی میں ای وی گاڑیوں کے چارجنگ پوائنٹس، پارکنگ اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی تیزی سے کام جاری ہے۔