کراچی، سپر ہائی وے پر تیز رفتار گاڑی کی موٹر سائیکل کو ٹکر، ایک شخص جاں بحق، بھانجا زخمی

ورثا نے قانونی کارروائی کرانے سے انکار کر دیا، پولیس

منگل 29 اپریل 2025 15:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)سپرہائی وے پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور اس کا 9 سالہ بھانجہ زخمی ہوگیا، متوفی کی 6 ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ کے علاقے سپر ہائی وے خان جی ریسٹورنٹ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور 9 سالہ بچہ زخمی ہوگیا، جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش اور زخمی کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 42 سالہ عدنان خان ولد سعید خان اور زخمی کی 9 سالہ عفان ولد عمیر کے نام سے کی گئی۔ جاں بحق ہونے والے شخص کے برادر نسبتی عمیر نے بتایا کہ متوفی عدنان فلیٹ نمبر B-7، عصمت کارنر بلاک 7 فیڈرل بی ایریا کا رہائشی تھا اور آن لائن ٹیکسی چلانے کا کام کرتا تھا، متوفی کی 6 ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والا بچہ متوفی کا بھانجہ اور ان کا بیٹا ہے عفان، انہوں نے بتایا کہ حادثہ کس گاڑی سے ہوا اس کے بارے میں نہ ان کا بیٹا عفان بتا رہا اور نہ اس سلسلے میں پولیس کو علم ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ورثا نے قانونی کارروائی کرانے سے انکار کر دیا، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی۔