Live Updates

اس دفعہ پنجاب کے عوام بھی تھوڑی ہمت دکھائیں اور فوج کے سنگ لڑلیں، ایمل ولی خان

یہ غیرت والے قصے صرف پختونوں کے ساتھ ہی کیوں جوڑے جاتے ہیں؟ کیا سارے پختونوں کو فوج میں بھرتی کیا گیا ہے؟ ہم کسی کے ساتھ نہیں لڑیں گے؛ مرکزی صدر عوامی نیشنل پارٹی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 اپریل 2025 14:13

اس دفعہ پنجاب کے عوام بھی تھوڑی ہمت دکھائیں اور فوج کے سنگ لڑلیں، ایمل ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل 2025ء ) مرکزی صدر عوامی نیشنل پارٹی ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ پختونوں کو ایک دفعہ پھر جنگ کیلئے جذباتی کیا جارہا ہے، پختون فوج کے ساتھ ہیں لیکن اس دفعہ پنجاب کے عوام بھی تھوڑی ہمت دکھائیں اور فوج کے سنگ لڑ لیں، ہم کسی کے ساتھ نہیں لڑیں گے کیوں کہ عوام کا کام لڑائی نہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگ کے حوالے سے عوام اور میڈیا نے جو مستی مچائی ہوئی ہے اس پر قابو ضروری ہے، اس ماحول کو ٹھنڈا کرنے کی ضرورت ہے، ہم جنگ والے نہیں، یہ فیصلہ جنگ کیلئے بنائے گئے اداروں نے کرنا ہے، ہمیں چاہیئے کہ ہم امن کی بات کریں اور بھائی چارے کیلئے آواز بلند کریں کون یہ کہہ رہے ہیں کہ پختون بہادر ہیں اور لڑیں گے، کیوں لڑیں گے؟ کیا سارے پختونوں کو فوج میں بھرتی کیا گیا ہے؟ پنجابی بھی تھوڑی ہمت دکھالیں، یہ غیرت والے قصے صرف پختونوں کے ساتھ کیوں جوڑے جاتے ہیں؟۔

(جاری ہے)

ایمل ولی خان کہتے ہیں کہ امن کو ترجیح دیں، فلسطین، لیبیا، عراق اور افغانستان کے حالات کو دیکھ کر اب تو سمجھ آجانی چاہیئے کہ جنگ مسئلوں کا حل نہیں، ملک بڑا ہو یا چھوٹا جنگ نقصان اور نفرت کا سبب ہے، اب وقت آگیا ہے کہ اس طرح کے رویے ختم ہوجانے چاہئیں، ہمارا نظریہ امن، بھائی چارے اور دوستی کا ہے، دونوں طرف عوام کو امن کیلئے آواز بلند کرنی چاہیئے، تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہونے چاہئیں، کشیدگی کے خاتمے کیلئے ہم اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

صدر عوامی نیشنل پارٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انڈیا دونوں جنگ کے متحمل نہیں، جنگ کرکے کیا یہ تباہی کرنا چاہتے ہیں؟ دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں، اگر استعمال ہوا تو دونوں طرف عوام تباہ ہوگی، اس طرح کے ڈرامے کسی طور درست نہیں، امن اور بھائی چارے کی بات کرنی چاہیئے، پاکستان اور تمام پڑوسی ممالک سے اپیل اور مطالبہ کرتا ہوں کہ ہمیں ایک دوسرے کیلئے بھائی چارے، امن، روزگاری اور تجارت کا راستہ چننا چاہیئے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات