Live Updates

مشترکہ مفادات کونسل نے سندھ کے موقف کو تسلیم کرلیا، شازیہ مری

پانی کے منصوبوں پر جب تک عمل نہیں ہوگا تمام صوبوں کے درمیان سی سی آئی کے ذریعے باہمی مفاہمت حاصل نہ ہو جائے، رہنما پیپلز پارٹی

منگل 29 اپریل 2025 17:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء) مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے کہاہے کہ مشترکہ مفادات کونسل نے سندھ کے موقف کو تسلیم کرلیا۔ اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہاکہ سی سی آئی نے اس بات کی توثیق کر دی ہے کہ وفاقی حکومت کسی بھی نئی نہر کی تعمیر کا آغاز اتفاق رائے کے بغیر نہیں کرے گی۔

انہوںنے کہاکہ پانی کے منصوبوں پر جب تک عمل نہیں ہوگا تمام صوبوں کے درمیان سی سی آئی کے ذریعے باہمی مفاہمت حاصل نہ ہو جائے۔ شازیہ مری نے کہاکہ وفاقی حکومت ایسے کسی بھی منصوبے پر اس وقت تک آگے نہیں بڑھے گی جب تک صوبوں کے درمیان مکمل اتفاق رائے قائم نہ ہو جائے۔ شاز یہ مری نے کہاکہ نگراں حکومت کے دوران ارسا کی جانب سے جاری کردہ پانی کی موجودگی کا سرٹیفیکیٹ سی سی آئی نے مسترد کر یا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہم بلاول بھٹو زرداری کے انتہائی شکر گزار ہیں جنہوں نے صوبائی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا۔ انہوںنے کہاکہ چیئرمین پیپلز پارٹی نے مشترکہ مفادات کونسل کے فریم ورک کے تحت منصفانہ مشاورت کو یقینی بنانے میں اپنی غیر متزلزل حمایت اور قیادت فراہم کی۔شازیہ مری نے کہاکہ ہم وزیر اعظم شہباز شریف کے بھی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اپنا وعدہ نبھایا اور ہمارے خدشات کو خلوصِ دل سے سنا۔

انہوںنے کہاکہ وزیر اعلی سندھ اور ان کی ٹیم بھی مبارکباد کی مستحق ہے جس نے سندھ کا مقدمہ ڈت کر لڑا۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی کے کارکنان نے بھی سندھ کے حقوق کی جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔شازیہ مری نے کہاکہ فیصلہ سندھ کے عوام اور پاکستان کی جیت ہے صوبے کے تمام لوگوں کو یہ کامیابی مبارک ہو۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات