Live Updates

گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد

منگل 29 اپریل 2025 17:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آباد میں وطن عزیز کی دفاع و سلامتی اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز نے کیاجس میں تمام شعبہ جات کی صدور، کوآرڈینیٹرز، کنٹرولر امتحانات، مختلف ڈائریکٹرز، اساتذہ کرام اور طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان آرمی کے حق میں بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے، جن پر حب الوطنی کے جذبے سے لبریز نعرے درج تھے۔ طالبات نے مختلف تخلیقی پوسٹرز اور نعروں کے ذریعے افواجِ پاکستان سے اپنی غیر متزلزل وابستگی اور حمایت کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سرحد پار دشمن کی جارحیت کی شدید مذمت کی اور مادرِ وطن کے دفاع میں مصروف افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکانے عزم ظاہر کیا کہ ملکی سالمیت، خودمختاری اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ملکی دفاع کیلئے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات