سیالکوٹ، رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ کا یونین کونسل عدالت گڑھا اور ہڑر کا دورہ

منگل 29 اپریل 2025 18:01

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے اپنے حلقہ انتخاب کی یونین کونسلز عدالت گڑھا اور ہڑر کا تفصیلی دورہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے علاقہ کے قبرستان، مساجد سمیت اہم راستوں پر سیوریج کے پانی کھڑے ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اود ضلع کونسل سیالکوٹ کے مقامی حکام کو ملکر اصلاح و احوال کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عدالت گڑھا اور گجر ٹاؤن میں صفائی ستھرائی اور سینی ٹیشن کی مخدوش صورتحال کو بہتر بنانے اور عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے ایک ٹیم بن کر کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ معیاری میونسپل سروسز کی فراہمی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے ، اس ضمن میں غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ محمد منشاء اللہ بٹ نے یونین کونسل ہڑر میں بجلی کی لٹکتی بے ہنگم تاروں اور گچھوں کو انسانی جانوں کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے گیپکو کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ ان تاروں کو منظم کریں تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جاسکے۔ اس موقع پر یوسی چیئرمین نذر پہلوان، وائس چیئرمین ثاقب گھمن، ایس ڈبلیو ایم سی اور ضلع کونسل کے مقامی حکام بھی موجود تھے۔