Live Updates

الیکشن کمیشن آف پاکستان خصوصی افراد سمیت معاشرہ کے ہر فرد میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے کوشاں ہے،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر

منگل 29 اپریل 2025 18:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر- I فیصل آباد محمد ندیم نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان خصوصی افراد سمیت معاشرہ کے ہر فرد میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ وہ الیکشن کمیشن اور تنظیم اللسان دھوبی گھاٹ فیصل آباد کے زیر اہتمام خصوصی افراد کی الیکشن کمیشن میں ووٹ کے اندارج کو یقینی بنانے کیلئے منعقدہ آگاہی پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر - II فیصل آباد ساجد حسین راٹھور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل و یلفیئر اینڈ بیت المال عائشہ انجم اور تنظیم اللسان ادارہ کے سربراہ ڈاکٹر افتخار بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ ووٹ کا اندراج ہر فرد کا بنیادی حق اور قومی ذمہ داری ہے۔ الیکشن کمیشن اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ ہر شہری بالخصوص خصوصی افراد کو انتخابی عمل میں شرکت کے مساوی مواقع حاصل ہوسکیں۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر - II فیصل آباد ساجد حسین راٹھور نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ الیکشن کمیشن خصوصی افراد کو معاشرے کا ایک اہم جزو سمجھتا ہے اور ان کے ووٹ کے اندراج اور انتخابی عمل میں بھر پور شرکت کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصل آباد میں ووٹر رجسٹریشن کے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ ہر وہ شخص جو 18 سال کی عمر کو پہنچ چکا ہے اور اپنا قومی شناختی کارڈ رکھتا ہے وہ اپنے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنا سکے۔

انہوں نے کہاکہ ووٹ کی آگاہی اور اس کے اندراج کی سہولت جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے اور اس کے بغیر انتخابی عمل مکمل نہیں ہو سکتا۔ کوئی بھی شہری 8300 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر مسیج سینڈ کر کے آپ اپنے ووٹ کی معلومات حاصل کر سکتا ہے۔ تقریب میں تنظیم اللسان ادارہ کے سربراہ ڈاکٹر افتخار اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال فیصل آباد عائشہ انجم نے خصوصی افراد سمیت تمام شہریوں میں ووٹ کے اندراج کے شعور کو اجاگر کرنے کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات