ہری پور،محکمہ وائلڈ لائف دور جدید میں بھی کم نفری،گاڑی اور چوکیدار جیسی بنیادی سہولیات سے محروم

منگل 29 اپریل 2025 18:41

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) وائلڈ لائف ہری پور دور جدید میں بھی کم نفری اور مسائل سے دوچار ہے۔وائلڈ لائف ڈویژن کی کمان میں 5 گیم ریزرو،2 واٹر فاؤل،گورال کے لیے مشہور بیڑ ایریا،سائیڈ فار سپیشل سائینٹیفک انٹرسٹ مکھنیال (پروٹیکٹیڈٹ ایریا) ہیں جبکہ اسے اپریل 2021 میں سب ڈویژن سے ڈویژن کا درجہ دیا گیا جس کے بعد محکمے سے ایک ڈپٹی رینجر،ایک واچر ریٹائر اور ایک واچر نوکری چھوڑ کر جا چکا ہے،وائلڈ لائف ڈویژن ہری پور کے پاس اس وقت ایک ڈی ایف او،ایک ایس ڈی ایف او،ایک ڈپٹی رینجر،ایک ہیڈ واچر اور سات واچرز کی نفری موجود ہے جن میں سے ایک واچر تحصیل خانپور اور ایک تحصیل غازی میں ڈیوٹی سرانجام دے رہا ہے جبکہ سات واچرز کی سیٹین گزشتہ ایک عرصے سے خالی پڑی ہیں،حیران کن طور پر محکمہ وائلڈ لائف ہری پور کے پاس چوکیدار تک موجود نہیں ہے،محکمہ کی دو گاڑیاں ناکارہ حالت میں کھڑی ہیں اور افسران کے لیے چیکنگ یا گشت پر جانے کے لیے کوئی گاڑی موجود نہیں ہے جس کے باعث محکمے کی کارکردگی بھی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے،وائلڈ لائف سے دلچسبی رکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ ہزارہ میں وائلڈ لائف ڈویژن ہری پور انتہائی اہمیت کا حامل ہے جہاں سال بھر مختلف انواع کے پرندوں کے شکار کا سیزن چلتا رہتا ہے جبکہ ہزارہ کے دیگر اضلاع میں یہ سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں۔

(جاری ہے)

ہزارہ میں سب سے زیادہ شکار گاہیں ہری پور ڈویثرن میں موجود ہیں،مگر افسوس کا مقام ہے کہ وائلڈ لائف ڈویژن ہری پور زبوں حالی کا شکار ہے،وزیر اعلی خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور،معاون خصوصی برائے جنگلات،ماحولیات،جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان،سیکرٹری جنگلات،ماحولیات و جنگلی حیات خیبر پختونخوا شاہد زمان سمیت متعلقہ حکام کو چاہیے کہ وہ وائلڈ لائف ڈویژن ہری پور کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ عملہ با آسانی اپنے فرائض سر انجام دے سکے،کنزویٹر محکمہ وائلڈ لائف ہزارہ افتخار الزمان نے’’ اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وائلڈ لائف ڈویژن ہری پور کو 25 ملازمین کی ضرورت ہے جن میں ڈپٹی رینجر،واچرز اور ہیڈ واچر وغیرہ شامل ہیں جس کے لیے فنانس ڈیپارٹمنٹ میں ایس این ای کو ریکوسٹ بھیجی ہوئی ہے تاہم یہ مالی مسائل کے باعث گزشتہ دو،تین سالوں سے ڈراپ ہوتی آ رہی ہے جبکہ وئلڈ لائف ڈویژن ہری پور کے پاس 6 ملازمین موجود ہیں اور منظور شدہ تعداد دس ہے،پانچ مزید ملازمین کی بھرتی کورٹ کیس کے باعث التواء کا شکار ہوئی ہے،اُنہوں نے مزید بتایا کہ بجٹ نہ ہونے کے برابر اور گاڑیوں کی کمی کے باعث نقل و حرکت میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اسکے مقابل محکمہ جنگلات ہری پور کے پاس چھ گاڑیاں موجود ہیں اور محکمہ وائلڈ لائف ہری پور کے پاس کوئی گاڑی نہیں ہے،مسائل کے حل کے لیے کوشیش جاری رکھے ہوئے ہیں،وائلڈ لائف ہری پور کے لیے ایک نیا پراجیکٹ بنا کر بھیجا گیا ہے جس میں محکمے کی اپنی بلڈنگز،فیسیلیٹیز،سروس کی بہتری کے لیے گاڑی اور موٹر سائیکلز وغیرہ شامل ہیں جس کی لاگت ایک سو ملین سے زائد ہے تاہم اس کی فنانس سے منظوری کے بعد ہی اصل رقم کا تعین ہو گا۔