سندھ حکومت کا ماحولیاتی انقلاب،کراچی میں فضائی آلودگی کے خلاف بڑی مہم

منگل 29 اپریل 2025 23:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)سندھ حکومت کا ماحولیاتی بہتری کی جانب ایک اور انقلابی قدم سیکریٹری محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی سندھ آغا شاہنواز خان کی خصوصی ہدایت پر محکمہ تحفظ ماحولیات(سیپا)نے کراچی میں غیر معیاری دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بڑا ایکشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

5 مئی سے 29 مئی تک جاری رہنے والی اس مہم میں شہر بھر میں مخصوص مقامات پر گاڑیوں کی دھوئیں کی سخت نگرانی کی جائے گی۔ سیپا کی جانب سے ٹریفک پولیس کو بھی باضابطہ خط ارسال کر دیا گیا ہے جس میں ٹریفک افسران کو مکمل تعاون کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ اس بڑے آپریشن کو کامیاب بنایا جا سکے۔مہم کے دوران نہ صرف گاڑیوں کی جانچ کی جائے گی بلکہ ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں شہریوں میں آگاہی بھی پیدا کی جائے گی۔

(جاری ہے)

سیپا حکام کا کہنا ہے کہ غیر معیاری اخراج کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔سیکریٹری ماحولیات آغا شاہنواز خان نے واضح پیغام دیا ہے کہ فضائی آلودگی کے خلاف جنگ بھرپور انداز میں لڑی جائے گی۔کراچی کو صاف اور صحت مند بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ماحول کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے یہ اقدامات آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہیں۔

ماحولیاتی ماہرین نے اس حکومتی اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ اگر اس مہم کو تسلسل کے ساتھ چلایا گیا تو کراچی کی فضا میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملے گی۔ شہری حلقوں میں بھی اس اقدام کو خوب سراہا جا رہا ہے اور عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر معیاری دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے۔

متعلقہ عنوان :