Live Updates

سانحہ پہلگام کی آڑ میں بھارت کی آبی جارحیت نے ثابت کردیا ہے کہ وہ عالمی دہشت گرد ہے ،چوہدری عبدالمجید

منگل 29 اپریل 2025 23:41

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) سابق وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ دنیا نے بھارت کا پاکستان مخالف بیانیہ مسترد کردیا ہے، سانحہ پہلگام کی آڑ میں آبی جارحیت اور کشمیریوں کے گھروں کو مسمار کرکے بھارت نے ثابت کردیا ہے کہ وہ عالمی دہشت گرد ہے ، مہذب دنیا اس عالمی بہروپیے کو پہچان چکی ہے۔وہ یہاں جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین اور سابق ڈائریکٹر اطلاعات محمد رشید چوہدری سے بات چیت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کو ریاستی دہشت گردی سے باز رکھے اور پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے ،بیس کیمپ کے44لاکھ عوام پاک افواج کے شانہ بشانہ ہیں ،بھارت نے اگر جارحیت کی تو اس کو ایسا سبق سکھائیں گے کہ دنیا یاد رکھے گی۔اس موقع پر چیئرمین جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین نے کہا کہ اوورسیز کشمیری بیرون ممالک کشمیریوں کی تحریک حق خودارادیت کی جدوجہد کے لیے بھرپور کوشاں ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات