Live Updates

پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ کا تجارتی و سرمایہ کاری افسران کے ساتھ اہم اجلاس

بیرونی دنیا میں اہم ذمہ داریاں نبھانے والے افسران کو پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے موزوں ماحول اور کاروباری مواقع سے آگاہ کیا گیا زراعت، سیاحت، معدنیات، رئیل اسٹیٹ اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی

منگل 29 اپریل 2025 19:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے زیراہتمام بیرون ملک پاکستان کے تجارتی مشنز کے لیے منتخب ستائیس تجارتی و سرمایہ کاری افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا ۔ پنجاب سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے اس اہم اجلاس کی صدارت چیئرمین پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ محمد منتہی اشرف نے کی جبکہ اجلاس کا مقصد بیرونی دنیا میں اہم ذمہ داریاں نبھانے والے ان افسران کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے ماحول اور کاروباری مواقع سے آگاہ کرنا تھا۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ نجف اقبال سید نے متعلقہ افسران کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے منظر نامے کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطا ب کرتے ہوئے چیئرمین پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری وتجارت محمد منتہی اشرف نے کہا کہ اپنی اچھوتی خصوصیات کی بنا پر پنجاب عالمی سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم مرکز بن سکتا ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم یہاں موجود مواقع اور سرمایہ کاروں کو میسر سہولیات کو صحیح طور پر مارکیٹ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے منتخب تجارتی و سرمایہ کاری افسران دنیا بھر میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے روشن امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان کے تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔اجلاس میں زراعت، سیاحت، معدنیات، ریئل اسٹیٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ نامزد افسران نے عالمی سطح پر پنجاب کی نمائندگی کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے بھرپور تعاون کا عزم ظاہر کیا۔ اجلاس کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا جس کے بعد اعزازی شیلڈز کا تبادلہ کیا گیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات