اے ڈی سی راولپنڈی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس

منگل 29 اپریل 2025 19:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی شہریار شیرازی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری آر ڈی اے، واسا، ٹریفک پولیس، ایم ایس بے نظیر بھٹو ہسپتال، ایم ایس ہولی فیملی ہسپتال اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اے ڈی سی آر شہریار شیرازی کو مون سون کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

شہریار شیرازی نے کہا کہ مون سون کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں اور کہا کہ حکومت اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔انہوں نے واسا کو ہدایت جاری کیں کہ اس دفعہ چھوٹے بڑے تمام نالوں کی صفائی کا کام واسا کرے گا اور نالہ لئی اور اس میں گرنے والے نالوں کی صفائی کا کام مو ن سون سے پہلے مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واسا کو ہدایت کی کہ بارشوں کے دوران نالہ لئی میں طغیانی سے بچنے کیلئے کہ لئی کے اندر اور اس کے اطراف موجود کچرے، تعمیراتی ملبے اور دیگر رکاوٹوں کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال مون سون کے دوران نالہ لئی کی سطح بلند ہو جاتی ہے جس سے آس پاس کے علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔ اس لیے بروقت اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ محکمے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور نالہ لئی کے ارد گرد نکاسی آب کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے تاکہ بارش کا پانی رکنے کی بجائے فوری خارج ہو سکے۔

واسا کے افسران کو ہدایت کی گئی کہ روزانہ کی بنیاد پر کام کی نگرانی کی جائے اور کام کی تکمیل کو بروقت مکمل کیا جائے، اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب سے پہلے کنڑول روم فعال کیے جائے اور وہاں متعلقہ محکموں کے اہلکاروں کی حاضری کو یقینی بنایا جائے، ہم نے پہلے سے ساری تیاری کرنی ہے تاکہ ہم اس دفعہ اور اچھے طریقے سے اس آفت کا مقابلہ کرسکیں۔