تبدیل ہونیوالے پولیس افسران کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد

ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار ادارے کا قیمتی اثاثہ ،خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے،ایس پی ٹریفک حبیب اللہ خان

منگل 29 اپریل 2025 20:00

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)ٹریفک پولیس سوات کے تبدیل ہونے والے ڈی ایس پی احسان اللہ خان اور ڈی ایس پی محمد علیم خان کے اعزاز میں ٹریفک ہیڈکوارٹر رحیم آباد سوات میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں انچارج سیکٹر سٹی، سیکٹر بریکوٹ سمیت دیگر ٹریفک حکام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی ٹریفک حبیب اللہ خان نے دونوں افسران کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایس پی احسان اللہ اور ڈی ایس پی محمد علیم نے طویل عرصے تک سوات اور اہلِ سوات کی خدمت کی اور ٹریفک نظام کو فعال رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ خدمت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکار ادارے کا قیمتی اثاثہ ہیں، اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔