Live Updates

رہائشی منصوبوں میں غبن کے متاثرین کو نیب کی جانب سے رقوم واپس

راولپنڈی ،اسلام آباد کی الحرم سٹی، غوری ٹائون، گلشن رحمن اور آرائین سٹی کے متاثرین میں رقوم تقسیم کی گئیں، نیب شہری اچھی طرح چھان بین ،تسلی کے بعد اپنی محنت ،خون پسینے کی کمائی کی سے کسی بھی ادارے میں سرمایہ کاری کریں ، چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر)نذیر احمد

منگل 29 اپریل 2025 20:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)نیب نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں رہائشی منصوبوں میں غبن کے 500سے زائد متاثرین کو رقوم کی واپسی کردی۔نیب سے جاری بیان کے مطابق نیب ہیڈاکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کی صدارت چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل(ر) نذیر احمد نے کی اور تقریب میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے چار رہائشی منصوبوں الحرم سٹی، غوری ٹان، گلشن رحمان اور آرائین سٹی کے 500سے زائد متاثرین میں300ملین روپے کے چیک تقسیم کیے گئے۔

مذکورہ رہائشی منصوبوں کے متاثرین میں پہلے مرحلے میں نیب کی کوششوں سے بازیاب کی گئی رقوم کے کروڑوں روپے تقسیم کیے جاچکے ہیں او ر دوسرے مرحلے میں متاثرین میں آج مزید چیک تقسیم کیے گئے ہیں۔چیئرمین نیب نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ مختلف ہاسنگ سوسائٹیوں یا سرمایہ کاری سے متعلق اداروں کی طرف سے جعلسازی اور دھوکا دہی سے شہریوں کی لوٹی گئی رقوم کی فوری طور پر واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جو اس نوعیت کی بدعنوانیوں میں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ اچھی طرح چھان بین اور تسلی کے بعد اپنی محنت اور خون پسینے کی کمائی سے کسی بھی ادارے میں سرمایہ کاری کریں تاکہ انہیں مالی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ چیئرمین نیب نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ عوام الناس سبز باغ دکھا کر لوٹنے والوں سے خبر دار رہیں اور کسی بھی رہائشی منصوبے میں سرمایہ کاری کرتے وقت اس کے ملکیتی رقبے، این او سی، لے آوٹ پلان اور شہرت کو ملحوظ خاطر رکھیں تاکہ ان کے ساتھ دھوکا نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ نیب آئندہ ملزمان سے وصول کی گئی رقوم براہ راست متاثرین کے بینک اکانٹس میں منتقل کرے گا تاکہ عوام کو مزید سہولت میسر ہوسکے۔ نیب راولپنڈی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب راولپنڈی ریجن نے گزشتہ 25برسوں میں 328ارب روپے کی وصولیاں کرکے عوام کو ان کی لوٹی گئی رقوم واپس کی ہے۔انہوں نے نیب کے افسران اور عملے کی کارکردگی کو سراہا، جن کی مسلسل کاوشوں سے ریکارڈ تعداد میں لوٹی گئی رقوم کی واپسی ممکن بنائی گئی ہے اور نیب کی اس اعلی کارگردگی کی بدولت اپنے سرمائے سے محروم ہونے والے شہریوں کو رقوم کی واپسی تیز رفتاری سے ممکن بنائی جا رہی ہے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی ریجن وقار احمد چوہان نے مذکورہ رہائشی اسکیموں کے خلاف جاری تحقیقات اور مقدمات کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ نیب کی کاوشوں سے آج الحرم سٹی کے 207 متاثرین کو 96.228 ملین روپے، غوری ٹان کے 186متاثرین میں 180ملین روپے، گلشن رحمان کے متاثرین کو 10.42ملین روپے اور آرائیں سٹی کے متاثرین میں 12.529ملین روپے کے چیک تقسیم کیے گئے ہیں-انہوں نے کہا کہ نیب قانون کے تحت شہریوں کو لوٹنے والوں کے خلاف ایکشن لے رہا ہے اور یہ نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھاگنے والے ملزمان کو گرفت میں لے گا، ان کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قانون کے تحت ان کی جائیدادیں ضبط کرکے نیلام کرائی جائیں گی اور لوٹی گئی رقوم کی واپسی ہر ممکن یقینی بنائی جائیں گی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات