Live Updates

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا اپنے شہریوں کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ

منگل 29 اپریل 2025 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اپنے شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی قونصلر تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا اور قونصلر مسائل کے بر وقت اور مؤثر حل کے لیے ادارہ جاتی نظام کی افادیت کو سراہا ہے۔ اس بات کا اظہار پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مشترکہ قونصلر کمیٹی (جے سی سی) کے دوسرے اجلاس میں کیا گیا جو ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (مشرق وسطیٰ) شہریار اکبر خان اور متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ کے قونصلر امور کے اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری فیصل عیسیٰ لطفی کی مشترکہ صدارت میں منگل کو وزارتِ خارجہ میں منعقد ہوا۔

دونوں فریقین نے قونصلر کمیٹی کے باقاعدہ اجلاسوں کے ذریعے قریبی رابطے جاری رکھنے، باہمی تعاون بڑھانے اور اپنے شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے قونصلر امور پر جامع بات چیت کی۔ اہم موضوعات میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی شہریوں کی فلاح و بہبود، ویزا کے عمل کو سہل بنانے، مزدوروں کے حقوق اور نقل مکانی کے نظم و نسق میں تعاون کو فروغ دینے جیسے امور شامل تھے۔

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کے مثبت رجحان جسے ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان کے 27 فروری 2025 اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان کے 20 تا 21 اپریل 2025 کو دورہ پاکستان سمیت حالیہ اعلیٰ سطحی دوروں سے مزید تقویت ملی، کا حوالہ دیتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (مشرق وسطیٰ) نے پاکستانی کمیونٹی کے لیے یو اے ای حکومت کی مسلسل حمایت کو سراہاجو دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے ایک مضبوط پل کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے یو اے ای کے ساتھ عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور قونصلر امور پر مسلسل مکالمے کی اہمیت پر زور دیا۔ اجلاس خوشگوار اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوا جو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بھائی چارے اور گہرے تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات