وزیراعلی کی بڑے شہروں میں مرحلہ وار تعمیر ومرمت اور بحالی کے پراجیکٹس کی اصولی منظوری

بدھ 30 اپریل 2025 00:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے صوبے کے بڑے شہروں میں مرحلہ وار تعمیر ومرمت اور بحالی کے پراجیکٹس کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ پہلے مرحلے میں 59 بڑے شہروں میں سیوریج اینڈ ڈرینج انفراسٹرکچر تعمیر ہوگا۔ بڑے شہروں میں بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لئے رین واٹر سٹوریج ٹینک بنائے جائیں گے۔

واٹر سپلائی ٹیوب ویل کوبجلی بلوں کا بوجھ کم کرنے کے لئے سولر انرجی پر منتقل کیے جائیں گے۔وزیراعلی مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلی رورل روڈ بحالی پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر دیہات کی 4500کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر و بحالی کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے پارکس میں بچوں کے لئے جھولے اور سپورٹس کی دیگر سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی مریم نوازشریف کو پنجاب بھر میں محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے زیرا ہتمام نئے پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ گلیوں کی تعمیر و مرمت اور ٹف ٹائل لگائی جائے گی۔ پہلے فیز میں شامل شہروں میں پارک بھی ڈویلپ ہونگے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے پنجاب کے دیہات میں بھی یکساں ڈویلپمنٹ کی ہدایت کی۔ دیہات میں ڈرینج سسٹم کی تعمیر و بحالی اور گلیوں میں ٹف ٹائل لگائی جائیں گی۔

دیہات کے ہر مرکزی قبرستان میں چار دیواری اور صفائی کا اہتمام کیا جائے گا۔ دیہات میں پارک اور پلے گرانڈ بھی بنائے جائیں گے۔ ہر گاوں میں سائن بورڈ اور گھروں کی نمبر مارکنگ کی جائے گی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر دیہات کے جوہڑ وں میں بائیوٹیکنالوجی سے صفائی کا پروگرام شروع کیے جا رہا ہے۔ گندے پانی کے جوہڑ میں مخصوص پودے لگانے سے بدبو اور گندگی کا خاتمہ ہوگا۔

گندے پانی کے جوہڑ میں لگائے گئے مخصوص پودے کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی کا بھی خاتمہ ہوگا۔ سپیشل پلانٹ کی جڑیں گندگی جذب کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ وزیراعلی مریم نوازشریف کو پروگرام برائے یونین کونسل آفس پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ عوام کی سہولت کے لئے ہر یونین کونسل میں میٹنگ ہال، کونسل روم اور سیکرٹری آفس بنائے جائیں گے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ تاریخ کا سب سے بڑا صفائی کا پروگرام ستھر اپنجاب کامیابی سے جاری ہے۔ شہری صوبے کو صاف بنانے کے لئے اپنا فرض بھی نبھائیں۔