Live Updates

پہلگام واقعے کی آڑ میں بھارتی حکمرانوں کی کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں

بدھ 30 اپریل 2025 17:17

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء) خطے میں جنگی حالات پیدا کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کے مرتکب بھارت کیخلاف دو مئی بروز جمعہ احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ پاسبان حریت جموں کشمیر ۔میڈیا کے نام جاری کیئے گئے ایک بیان میں چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی نے کہا ہیکہ جمہوریت کے نام پر قائم جعلی ہندوستانی ریاست کا بدنما چہرہ دنیا کے سامنے بری طرح بے نقاب ہو رہا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کی آڑ میں بھارتی حکمران کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں کررہے ہیں جہاں 2000 سے زائد کشمیری شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ 26 کشمیری شہریوں کے رہائشی مکانات کو بارود سے تباہ کردیا گیا۔ الطاف لالی ساکنہ اجس بانڈی پورہ غلام رسول ماگرے ساکنہ کنڈی کپواڑہ کو جعلی انکاؤنٹرز میں شہید کیا جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں خوف و دہشت کا ماحول بنا دیا گیا بھارت کشمیری شہریوں کو فوجی طاقت سے کچلنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری شہریوں کو فلسطینی عوام کی طرح بے دست و پا کرنے کے استعماری ہتھکنڈے آزما رہی ہے۔ عزیر احمد غزالی نے کہا کہ بھارت پہلگام کے خود کردہ واقعے کو مملکتِ خداداد پاکستان اور پاکستان کی مسلح افواج کیخلاف استعمال کرنے کی ناکام کوشش کررہا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت بھارت میں وقف ترمیمی قانون کے خلاف تیس کروڑ مسلمانوں کے احتجاجی مظاہروں کو کچلنے، کشمیر کی تحریک مزاحمت کو بدنام کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں اپنے جنگی جرائم کو چھپانے کی سازش کررہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی کسی بھی جارحیت کے خلاف آزاد کشمیر کے چوالیس لاکھ عوام پاکستان کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ لڑیں گے۔ عزیر احمد غزالی نے کہا کہ دو مئی بروز جمعہ دارالحکومت میں بھارتی حکومت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہیکہ وہ بھارتی جبرواسبتداد کے خلاف احتجاج میں شرکت کریں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات