خوازہ خیلہ کونسل کا اہم اجلاس ،بھارت کی پاکستان مخالف ہٹ دھرمی پر اظہار افسوس ،پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا اعلان

بدھ 30 اپریل 2025 23:34

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء) سوات کی تحصیل خوازہ خیلہ کونسل کا اہم اجلاس سپیکر بحر نوش خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں انڈیا کی پاکستان مخالف ہٹ دھرمی پر شدید افسوس کا اظہار کیا گیا اور پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا اعلان کیا گیا۔اجلاس کے دوران خوازہ خیلہ بازار سے تجاوزات کے خاتمے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

(جاری ہے)

کونسل ممبران نے محکمہ واپڈا، لائیوسٹاک، فارسٹ، پولیس اور محکمہ صحت کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے شکایات کا انبار لگا دیا۔ممبران نے تحصیل میں بڑھتی ہوئی کرپشن، اقربا پروری اور غریب عوام کے مسائل پر گہری تشویش ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ غریب اور بے بس لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں، جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے جاری اقدامات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ عوام کو اس خطرناک مرض سے بچایا جا سکے۔