Live Updates

کرناٹک، ہندوتوا غنڈوں کے وحشیانہ تشدد سے ذہنی طور پر معذور مسلم شہری جاں بحق

بدھ 30 اپریل 2025 22:10

بنگلور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) بھارتی ریاست کرناٹک میں ہندوتوا بلوائیوں نے 36سالہ ذہنی طور پرمعذورمسلمان کو "پاکستان زندہ باد" کا نعرہ لگانے کا الزام لگا کر قتل کردیاہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کیرالہ کے ضلع ملاپورم کے رہائشی ذہنی طورپر معذور مسلم شہری اشرف کو ہندوتو ا غنڈوں نے وحشیانہ تشدد کر کے قتل کیا۔

اشرف کوضلع منگلورومیں اس وقت تشدد کا نشانہ بنایا گیا جب اس نے پیاس بجھانے کیلئے کرکٹ کا میچ کھیلنے والے ہندوتوا کارکنوں کے پاس رکھی بوتل سے پانی پیا۔ سمراٹ گائز نامی گروپ کے غنڈوں نے اشرف پر کرکٹ بیٹ اور دیگر ہتھیاروں سے تشدد کیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ حملہ آور اشرف کو نیم مردہ حالت میں چھوڑ کر چلے گئے ۔اسے فوری طورپر ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں و ہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

(جاری ہے)

اشرف کے والدنے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے کو ہندوتوا غنڈوں نے میچ کے دوران "پاکستان زندہ باد" کا نعرہ لگانے کا الزام لگا کر قتل کیا ۔اشرف کو چولک کنڈو قبرستان میں سپرد خا ک کیاگیا۔اس کے جنازے میں اہلخانہ اور رشتہ داروں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور اس کے قتل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔واضح رہے کہ 22اپریل کو پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد سے بھارت بھر میں مسلمانوں خصوصا کشمیریوں کے ساتھ انتقامی کارروائیاں جاری ہیں اور ہندوانتہاپسند بھارت بھر میں کشمیری طلبا اور تاجروں پر حملے کر رہے ہیں اور انہیں ملک سے نکل جانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات